نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی رائیونڈ اجتماع آمد،انتظامات کاجائزہ لیا

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علیٰ الصبح رائے ونڈ پہنچ گئے، سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا دورہ کیا، تبلیغی جماعت کے علماء کرام و اکابرین سے ملاقات کی۔محسن نقوی نے عالمی تبلیغی اجتماع کے دورے کے موقع پر مولانا احمد لاٹ ، میاں احسن، امتیازغنی، انوار غنی، مولوی عامر اور دیگر سے ملاقات کی، ملاقات میں اجتماع کے انتظامات سے متعلق بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے انتظامات اور فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے سی سی پی او اور کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے کو انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اجتماع کی موثر مانیٹرنگ کیلئے کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور اضافی پٹرولنگ پولیس تعینات کی گئی ہے، ٹریفک کی روانی کیلئے ٹریفک وارڈنز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ شاندار انتظامات اور فول پروف سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں، اجتماع کے اطراف لائٹس کا مناسب انتظام کیا گیا ہے، اجتماع کیلئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے پوری ٹیم مل کر کام کر رہی ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت دین اسلام کی تبلیغ کے لئے گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہے، اللہ تعالیٰ کے دین کو پھیلانے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔
