’’اداکار اذان سیع کا والدین کی شہرت سے فائدہ اُٹھانے کا اعتراف‘‘

معروف اداکار و موسیقار اذان سمیع نے انکشاف کیا ہے کہ والدین کی شہرت کی وجہ سے ان کو شوبز میں فائدہ ملا، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ان جیسے بچوں کو شوبز انڈسٹری میں جلد اور بہتر مواقع ملتے ہیں۔اذان سمیع خان مقبول گلوکار عدنان سمیع اداکار زیبا بختیار کے بیٹے ہیں اور وہ ماضی میں بھی اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ والدین کے شوبز میں ہونے کی وجہ سے انہیں فائدہ ملا، انہیں اچھے اور بہتر مواقع ملے۔والدہ زیبا بختیار کے ہمراہ محب مرزا کے شو ’’دی ناک ناک شو‘‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سے متعلق کھل کر باتیں کیں اور ساتھ ہی والدہ کو گانے کے ذریعے خراج تحسین بھی پیش کیا، اذان سمیع خان نے شو کے دوران والدہ کے لیے ایک گانا بھی گایا، جس کا عنوان ’ماں‘ تھا اور وہ ان کے آنے والے ایلبم کا حصہ ہے، جب شو میں اذان سمیع خان گانا گا رہے تھے تب ان کی والدہ زیبا بختیار جذباتی ہوگئیں اور بعد میں انہوں نے اعتراف کیا کہ بیٹے کا گانا سن کر انہیں گھٹن محسوس ہو رہی تھی، ان سے گانا سنا نہیں جا رہا تھا۔پروگرام میں بات کرتے ہوئے زیبا بختیار نے کہا کہ انہیں زندگی کا سب سے خوبصورت تحفہ بیٹا ملا اور پھر بیٹے کے بچے ان کے لیے نعمت ثابت ہوئے، انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز بالی ووڈ فلم ’حنا‘ سے کیا، اس سے قبل انہوں نے پاکستان میں صرف ’انار کلی‘ نامی ڈرامے میں کام کیا تھا، ان کے والد یحیٰ بختیار پاکستان کے اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں اور انہوں نے 1973 کے آئین بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے تمام افراد وکالت، تعلیم اور ڈاکٹری کے پیشے وابستہ رہے ہیں، وہ سب سے چھوٹی تھیں، اس لیے انہیں کچھ آزادی میسر ہوئی تو وہ شوبز میں آگئیں۔پروگرام میں ان کے بیٹے اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ان سے توقع ہوتی ہے کہ وہ بھی والدین کی طرح بہترین کام کریں گے لیکن وہ بالکل اس پریشر کو سر پر سوار نہیں کرتے، وہ جانتے ہیں کہ وہ والدین جیسا کام نہیں کر سکیں گے لیکن ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ خراب کام نہ کریں، ان کا کسی سے مقابلہ نہیں، وہ صرف اس کوشش میں رہتے ہیں کہ وہ اتنا اچھا کام کریں کہ کوئی ان کے والدین پر انگلی نہ اٹھائے اور ان کی بے عزتی نہ ہو۔اذان سمیع خان نے اعتراف کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ انہیں والدین کی وجہ سے جلد اور اچھے مواقع ملے، میری ہمدردیاں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو شوبز میں مواقع ملنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں، اب ان کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اتنا اچھا کام کریں کہ کوئی یہ نہ کہے کہ ان کی وجہ سے محنتی لوگ کام سے محروم ہیں۔
