وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ ‘عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے’۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم عمران خان کے کورونا سے جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Wishing @ImranKhanPTI a speedy recovery from COVID.
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) March 20, 2021
دوسری طرف بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ہے۔وزیراعظم عمران خان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق وزیراعظم کی طبعیت بہتر ہے اور وہ ہشاش بشاش ہیں، ان میں کرونا کی علامات بہت معمولی نوعیت کی ہیں۔وزیراعظم میں کورونا کی تشخیص کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Best wishes to Prime Minister @ImranKhanPTI for a speedy recovery from COVID-19.
— Narendra Modi (@narendramodi) March 20, 2021
واضح رہے کہ 18 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی۔
وزیر اعظم میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ویکسین سے متعلق قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس پر وفاقی وزیر نے ویکسین سے متعلق افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ ویکسین لینے کے چند دن بعد ہی جسم میں وائرس سے محفوظ رہنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے ملاکنڈ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ایک نئے تعلیمی بلاک کا افتتاح کیا اور طلبہ سے خطاب کیا تھا۔علاوہ ازیں انہوں نے سوات موٹر وے کا بھی دورہ کیا تھا اور سوات ایکسپریس وے سرنگ کا افتتاح کیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹوئٹر پر وفاقی وزرا سمیت دیگر شخصیات کے پیغامات کا بھرمار ہوگئی اور ٹوئٹر پر چند منٹ میں ہی ImranKhan# ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ان پیغامات میں وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل نے بھی ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان کے مثبت کورونا ٹیسٹ سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا کرونا کا ٹیسٹ آج ہی کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘براہ مہربانی اس کو کورونا ویکسین کے ساتھ منسلک مت کریں کیونکہ ویکسین لگنے کے کچھ ہفتے کے بعد قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے’۔شبہاز گل نے بتایا کہ عمران خان میں کورونا وائرس کی علامات شدید نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بہت ہلکی سی کھانسی اور ہلکا سا بخار ہے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیر اعظم کی صحت کے لیے دعائیہ کلمات کہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور شہریوں پر بھی تاکید کی کہ وہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے تناظر میں محتاط کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں حالیہ اضافے کی شرح تشویشناک ہے اور ہم سب کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔خیبر پختونخواہ کے وزیر صحت اور وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں اور اس ملک کو آپ کی ضرورت ہے۔وزیر صنعت حمد اظہر نے بھی وزیر اعظم کی جلد صحتیابی کے لیےدعا کی اور کہا کہ ویکسین کے دو ہفتوں بعد جسم میں 80 فیصد سے زیادہ قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔وزارت قومی ادارہ برائے صحت نے ٹوئٹر پر واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان میں کورونا وائرس کی تشخیص ایسے وقت پر ہوئی ہے جب انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کی مکمل خوارکیں نہیں دی گئی۔
وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ وزیر اعظم کو محض دو روز قبل ویکسین کی پہلی خوارک دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے دو سے تین ہفتے بعد ہی جسم میں وائرس سے بچاؤ کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ سے متعلق خبر ایسے وقت پر آئی ہے جب ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب جولائی کے بعد ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 876 افراد کے کووڈ19 کے ٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 23 ہزار 135 ہو گئی ہے۔
