وزیراعظم نے گریٹر اقبال پارک واقعہ کا نوٹس لے لیا ، سیاسی رہنمائوں کی مذمت

وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر لڑکی کے ساتھ غیر اخلاقی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے ، اس کے ساتھ سیاسی رہنمائوں نے بھی اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی شرمناک ہے ، ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے ۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔
پولیس کی جانب سے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو حراساں کرنے کے ملزمان کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ موصول شدہ فوٹیجز نادرا کو بھیج رہے ہیں، اس سے ملزمان کی تصاویر حاصل کررہے ہیں، جلد ملزموں کو گرفتار کرلیں گے، انوسٹی گیشن پولیس متاثرہ خاتون کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں کی بھی مدد لے رہے ہیں ، گریٹر اقبال پارک کے سیکیورٹی عملے کے بھی بیانات لیے ہیں، خاتون کے ساتھی رپورٹر اور کیمرہ مین کا بھی بیان لیا جارہے ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن خود تفتیش کی نگرانی کررہے ہیں۔
