وزیراعظم کاپاکستان کیلئےبرطانوی ٹریول ایڈوائزری کاخیرمقدم

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کےلیےبرطانوی ٹریول ایڈوائزری کا خیرمقدم کرتےہوئےاسےبڑی خوشخبری قراردیا ہے۔
سماجی رابطےکی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ ‘بلاشبہ یہ ایک بڑی خوشخبری ہے جس سے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی اور ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔’ انہوں نے کہا کہ ‘برطانوی ٹریول ایڈوائزری سے پاکستان کو درپیش دو اہم ترین معاشی مسائل یعنی روزگارکی فراہمی اورکرنٹ اکاؤنٹ خسارے کےحل میں مدد ملے گی۔’


قبل ازیں ملتان میں میڈیا سے گفتگومیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی برطانیہ کی جانب سےسفری پابندیوں میں نرمی کو ملکی معیشت اورسیاحت کےلیے خوش آئند قراردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ اچھی شروعات ہیں، اس سے روزگاراورسیاحت کے مواقع پیدا ہوں گے، جاپان نے بھی کیا اوراقوام متحدہ نےخود پاکستان کی صورت حال کو دیکھ کردوبارہ فیملی اسٹیشن قراردیا ہے۔’
انہوں نے کہا کہ ‘یہ پاکستان پر، پاکستان کی سیکیورٹی کی صورت حال پرپاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار ہےجوانہوں نے کیا ہے اورمجھے امید ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید ممالک اس کی تقلید کریں گے اورسفری ہدایات پرنظر ثانی کریں گے جس سے ملک کو فائدہ ہوگا۔’
واضح رہے کہ اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ‘برطانیہ نے آج سفری ہدایات تبدیل کردی ہے جو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کی بہتری کا عکس ہے’۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘یہ اعلان برطانیہ کا پاکستان کے لیے سفری ہدایات کے تفصیلی جائزے کا نتیجہ ہے جو ملک میں سیکیورٹی صورت حال کا وسیع جائزے کی بنیاد پر کیا گیا’۔ برطانوی سفارت خانےکا کہنا ہے کہ ‘2015 کےبعد یہ پہلی اہم پیش رفت ہے’۔
پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کا ذکرکرتےہوئے کہا گیا ہے کہ تبدیلیوں سے برطانوی شہریوں کوپاکستان کے شمالی علاقہ جات بشمول کیلاش اوربمبورت وادیوں تک بذریعہ سڑک جانے کی اجازت ہو گی’۔ پاکستان کے لیےبرطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کا کہنا تھا کہ ‘دسمبر2019 میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سفری ہدایات کا جائزہ ترجیحی بنیادوں پر لیا’۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ حکومتِ پاکستان کی گزشتہ پانچ برسوں کےدوران امن و امان کو بہتر کرنےکی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے’۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ اب برطانیہ کےشہری پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات سے زیادہ لطف اندوز ہوسکیں گے’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button