وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق کی جانب سے یکساں نظام تعلیم کا نفاذ مستردکردیا

ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نےصوبے میں علیحدہ نصاب برقرار رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئےکہا کہ ہمارا نصاب بہت بہتر ہے اور ہمارا نصاب پہلے سے موجود ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں یکساں ہوسکتی ہیں، وفاق جلد بازی میں فیصلے کرکے کہتا ہے کہ سندھ نہیں مان رہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گےکہ اپنے تجربے کی بنیاد پر بچوں کو بہتر نصاب کی تعلیم دیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج ملک میں یکساں تعلیمی نصاب کا اجرا کردیا ہے۔

یکساں تعلیمی نصاب  کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم نہ لا کر بڑی ناانصافی کی گئی، دنیا میں صرف اصل سوچ جاتی ہے، ہم انگلش زبان نہیں سیکھتے بلکہ ان کا پورا کلچر لے لیتے ہیں، یہ سب سے بڑا نقصان ہے، یکساں نظام میں نوجوانوں کی ایک ہی سمت ہوگی۔

گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے تعلیم و فنی تربیت شفقت محمود نے پہلی سے پانچویں تک یکساں نصاب کے نفاذ کا اعلان کیا تھا۔

شفقت محمود کا کہنا تھاکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کل سے یکساں تعلیمی نصاب کا آغاز کر دیا جائے گا ، یہ ایسا نصاب ہوگا جو تمام اسکولز اور مدارس میں یکساں طور پر نافذ ہوگا۔

Back to top button