وزیراعظم دو روزہ سرکاری دورے پرچین پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے جہاں وہ چین کے صدر سے ملاقات کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے،ان کے ساتھ اعلیٰ حکام کا وفد بھی موجود ہے۔ بیجنگ ایئرپورٹ پر وزیرِ اعظم کا چینی حکام کی طرف سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے جس کے دوران تجارت، معیشت، دیگر شعبوں میں تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے۔ شہباز شریف چین کی ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔
کمیونسٹ پارٹی چین کی بیسویں نیشنل کانگریس کے تاریخی انعقاد اور صدر شی جن پنگ کے تیسری بار جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ کرنے والے اولین رہنماؤں میں شامل ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔ شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔
روانہ ہونے سے پہلےوزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے ان پہلے رہنماؤں میں سے ایک ہوں گے جنہیں چین کی کمیونسٹ پارٹی کی تاریخی 20ویں قومی کانگریس کے بعد مدعو کیا گیا ہے،ایک جانب جہاں عالمی دنیا کئی مسائل اور چیلنجز کا شکار ہے وہیں پاکستان اور چین کے تعلقات ہر گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دورے کے دوران وہ چینی رہنماؤں سے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تجدید سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے،سی پیک کا دوسرا مرحلہ سماجی اقتصادی ترقی کا نیا دور ہے جو دونوں ملکوں کے شہریوں کی زندگیوں بہتر کرنے میں مدد دے گا، ہمیں چینی اقتصادی پالیسی سے ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے۔
