آزادکشمیرمیں فسادیوں کواب کوئی معافی نہیں ملےگی،وفاقی حکومت

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن عوام نے حصہ لیا تو کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے فساد شروع کردیا، اب اس فسادی ٹولے کو بھرپور طاقت سے کچلا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولا کوٹ، آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے وزیرمملکت کے ہمراہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں پرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہوا جبکہ مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں نے بڑھ چڑھ کر انتخابی عمل میں حصہ لیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیری عوام نے الیکشن کی کال پر بھرپور انداز میں لبیک کہا اور راولا کوٹ میں چھ لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے، کشمیر کے انتخابی عمل میں سیاسی جماعتوں نے بڑے بڑے جلسے اور کارنر میٹنگز منعقد کیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ الیکشن کے تمام تر لوازمات بھرپور طریقے سے دیکھنے میں آئے، کشمیر کے عوام کا انتخابات میں ردعمل دیدنی تھا، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، آئی پی پی سمیت دیگر جماعتوں نے اپنے آپ کو انتخابی عمل میں سیاسی طور پر متحرک رکھا۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو پرامن اور شفاف انتخابات ہضم نہیں ہوئے، آج آزاد کشمیر کے ترجمان اور انتظامیہ کی پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایک پرتشدد جتھے کو کشمیر کی ترقی، امن اور کشمیر کا پاکستان سے نہ ٹوٹنے والا رشتہ قابل قبول نہیں ہے، اس جتھے نے کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے ان کی پرتشدد کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کا راستہ اختیار کیا جو ان عناصر کو قابل قبول نہیں تھا، اس پرتشدد جتھے نے امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی جبکہ ان سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ روز اول سے کہہ رہے تھے کہ یہ پرامن احتجاج نہیں ہے، یہ جتھہ بیرونی ایجنڈے اور بھارتی فنڈنگ سے اپنی مہم چلا رہا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت پرامن انتخابات کیلئے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہے، پرتشدد تحریک میں ملکی اور غیر ملکی عناصر شامل ہیں، کشمیریوں نے ووٹ کی طاقت سے اپنا مؤقف واضح کردیا۔
