وزیر اعظم کا سندھ میں غیرسیاسی آئی جی تعینات کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اتحادیوں سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں ایسا آئی جی تعینات کریں گے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ ہو۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی جبکہ اتحادیوں کے تحفظات پر حتمی لائحہ عمل طے کرنے، مہنگائی، گورننس اور صوبائی حکومتوں کے معاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم آفس میں منعقدہ پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی دوصفحات پر مشتمل میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ شہزاد اکبر نے اجلاس میں بتایا کہ یہ رپورٹ جائزے کے لئے صوبائی حکومت کو بھجوائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے اتحادیوں کے لیے قائم کمیٹیوں کو فعال رابطوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران اتحادیوں سے روابط مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے اتحادیوں کے لیے قائم کمیٹیوں کو فعال رابطوں کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعظم نے مہنگائی کم کرنے کے لیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ پرائس کنڑول کمیٹیاں کی کارکردگی پر آئندہ ہفتے بریفنگ ہو گی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران عمران خان کے آئندہ ماہ ہونے والے ملائیشیا کے دورہ سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے دوران آئی جی سندھ کا بھی تذکرہ ہوا جس پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جھوٹے کیسز کے حوالے سے رپورٹس موصول ہوئیں تھی، فیصلہ کیا ہے کہ ایسا آئی جی تعینات کریں گے جو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہ ہو۔
