آبنائے ہرمز سے متعلق معاہدہ جلد متوقع ہے : امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کےلیے جاری مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور امریکا کو امید ہے کہ اس حوالے سے معاہدہ بہت جلد طے پاجائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے بارے میں اس مرحلے پر حتمی رائے دینا مناسب نہیں،تاہم مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
مارکو روبیو نے کہاکہ امریکا کو توقع ہےکہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاہدہ جلد طے پاجائے گا،جس کےبعد تجارتی جہازوں کی محفوظ اور آزادانہ آمدورفت مزید بہتر ہوسکے گی۔
امریکی وزیر خارجہ کےمطابق مذاکراتی عمل جاری ہے اور تمام متعلقہ فریق اس اہم بحری گزرگاہ میں استحکام برقرار رکھنے کےلیے رابطے میں ہیں۔
قبل ازیں وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق معاملہ جلد کسی ایک نتیجے پر پہنچ جائےگا اور یہ کوئی پیچیدہ مسئلہ نہیں ہے،آبنائے ہرمز کا کھلنا پہلےمرحلے کی کامیابی ہوگی،جب کہ دوسرے مرحلے میں ایران کے جوہری معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔
امریکی صدر نے کہاکہ امریکا اپنے مؤقف پر قائم ہےکہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونےچاہییں،آبنائے ہرمز سے گزرنےوالے تجارتی جہازوں پر کوئی فیس عائد نہیں ہوگی،تاہم اگر کوئی دوسرا فریق ایسا کرنے کی کوشش کرےگا تو امریکا بھی اس کےمطابق جواب دےگا۔
