دوسرا ٹیسٹ: پاکستان 387 رنز پر آؤٹ، ویسٹ انڈیز کے خلاف 43 رنز کی برتری حاصل

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 387 رنز پر ختم کرتے ہوئے میزبان ٹیم پر 43 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
تیسرے روز پاکستان نے 266 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے بیٹنگ جاری رکھی، تاہم بابر اعظم 147 گیندوں پر 88 رنز بنا کر سنچری سے صرف 12 رنز قبل آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے مختصر وقفے میں مزید دو وکٹیں گنوادیں، جس سے بیٹنگ لائن دباؤ میں آگئی۔
بعد ازاں محمد رضوان نے عبداللہ شفیق کا ساتھ دیتے ہوئے 25 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم وہ 18 رنز بنا کر جومیل واریکن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد عبداللہ شفیق اور ساجد خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز جوڑے۔ ساجد خان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ علی عثمان 10 رنز بنا سکے۔ عبید شاہ اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
عبداللہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 323 گیندوں پر ناقابلِ شکست 160 رنز اسکور کیے اور پاکستان کی مجموعی اننگز 387 رنز تک پہنچائی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4 جبکہ عبید شاہ، محمد علی اور علی عثمان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کامیابی حاصل کرکے 0-1 کی برتری لے چکا ہے۔

Back to top button