وفاقی بجٹ پر سینیٹ میں کڑی تنقید، بجٹ عوام دشمن قرار

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی اور معاشی خودمختاری کو اس حد تک گروی رکھوا چکی کہ مالی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی اتنی جرات پیدا ہوگئی کہ اس نے کہا کہ پاکستان میں دفاعی بجٹ بھی منجمد کردیا جائے۔
سینیٹ کے اجلاس میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پیش کردہ بجٹ کے 6 ستون ہیں، آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن، بجٹ میں کیپیٹلزم کا گٹھ جوڑ، مافیا، صوبوں کے حصہ کو کم کرنا اورائی ایم ایف کے اسٹافرز سے بات کرکے بجٹ بنانا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اتنی مداخلت آئی ایم ایف کی جانب سے پہلے کبھی نظر نہیں آئی کہ عالمی مالیاتی ادارے کے کہنے پر تنخواہ اور پنشن کو منجمد کردیا گیا۔سینیٹر رضا بانی نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں عام انسان کے لیے کچھ نہیں، موجودہ بجٹ، بجٹ ہے بھی نہیں بلکہ ایک دھوکا ہے جو ہمارے سامنے رکھا۔انہوں نے کہا کہ اصل بجٹ آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا ہوا ہے۔
رضا ربانی نے کہا کہ بجٹ میں نے بے روزگاری، مہنگائی ، صحت کے لیے کوئی ریلیف نہیں ہے جبکہ بجٹ میں تیل کی قیمت بڑھانے کی بات کی گئی ہے۔سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے کے ملازمین کی تنخواہوں میں انھوں نے پہلے ہی اضافہ کر دیا۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے بجٹ بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ سارا ملک پارلیمان کی جانب دیکھ رہا ہے کیونکہ ان سنگین حالات میں لگتا ہے بجٹ کسی اور سیارے پر بنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ گزشتہ بجٹ کا کاپی پیسٹ ہے جبکہ کورونا سے قبل ملک کے معاشی اور اقتصادی حالات ایسے نہج پر تھے کہ پورا ملک پوچھ رہا تھا کہ معیشت کون چلا رہا ہے؟۔شیری رحمٰن نے کہا کہ موجودہ بجٹ کورونا کرائسز بجٹ ہونا چاہیے تھا، ہسپتالوں پر دباو ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ دفاعی بجٹ کو منجمد کرنا کوئی مہربانی نہیں جبکہ بھارت للکار رہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جائیں گے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پیک تباہ کریں گے۔سینیٹ کے اجلاس میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت نے سی پیک کو پس پشت ڈال دیا ہے اور دفاع کے بجٹ کو کاٹنے کی ضرورت نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کو ائیر ڈیفنس اور گوادر پورٹ پر دفاع کی ضرورت ہے کیونکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مسلسل پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے اور کسی وقت وقت پر بھی حملہ ہو سکتا ہے۔
سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ ‘ہم بھارت کے دفاعی بجٹ کا مقابلہ نہیں کر سکتے، پہلی مرتبہ ہم منفی میں جا رہے ہیں یہ افسوسناک ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کے چئیرمین کو معاون خصوصی اطلاعات بنا کر بیک برنر پر ڈال دیا۔عبدالقیوم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے نوکریاں پیدا ہوتی ہیں جبکہ کورونا وائرس کے بعد اور بے روزگاری آئے گی۔انہوں نے تنخواہ کو کم از کم 10 فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اسٹیل ملز کی نجکاری کرنا چاہتی تھی تو اسے روکنے میں سب سے آگے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے تھے۔علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان میں انٹرنیٹ کی سروس ٹھیک نہیں جس کی وجہ سے طلبہ کو پریشانی کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 21-2020 کا بجٹ پیش کردیا ہے جس میں دفاعی بجٹ کے لیے تقریباً 12 کھرب 90 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔آئندہ مالی کے لیے تجویز کردہ دفاعی بجٹ جاری مالی سال کے مقابلے میں 11.8 فیصد زیادہ ہے۔قومی اسمبلی میں وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے مالی سال 21-2020 کا بجٹ پیش کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مشکل حالات میں کفایت شعاری کے اصولوں پر کاربند ہے، ہم افواج پاکستان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے حکومت کی کفایت شعاری کی کوششوں میں بھرپور تعاون کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما اور قائد ایوان ڈاکٹر وسیم شہزاد نے کہا کہ کورونا کے اثرات بتاتے ہیں کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود بروقت اور مستقل بنیادوں پر فیصلے کیے۔وسیم شہزاد نے بتایا کہ برطانیہ میں 20 فیصد معیشت برباد ہوئی، اٹلی فرانس اسپین کے جی ڈی پی میں کمی ہوئی، امریکا میں 20 ملین افراد بے روزگار ہوئے، ترکی میں 19 سال کا بدترین معاشی بحران سامنے آیا جبکہ بھارت حالیہ اپنی معیشت کی بدترین سطح پر ہے۔ڈاکٹر وسیم شہزاد نے کہا کہ کورونا کی وبا تو اب آئی لیکن پاکستان کی معیشت تو کئی دہاہیوں سے اپ کی کرپشن کی وبا کا شکار ہے جبکہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔انہوں نے کہا کہ خزانہ خالی تھا، حکمران امیر سے امیر تر اور عوام غریب سے غریب تر تھا آپ (مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی) یہ صورت حال چھوڑ کر گئے تھے۔
ڈاکٹر وسیم شہزاد نے کہا کہ جب پی ٹی آئی نے حکومت سنبھالی تو سب سےپہلے معیشت کو استحکام دیا، ٹیکس فائلرز کی تعداد میں اضافہ ہوا، دنیا کے مالیاتی ادراوں نے پاکستان کی معاشی پیش رفت کو تسلیم کیا ۔انہوں نے کہا کہ جب ہم ٹیک آف کرنے والے تھے تو کورونا وبا نے جنم لیا لیکن کورونا سے نمٹنے بروقت اقدامات کئے۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پاکستان کو اس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ملک کی صورتحال کے حوالے سے گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا تھا کہ جولائی 2020 کے اواخر تک ملک میں کووڈ-19 کے کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ ہوسکتی ہے۔
15 جون کی صبح تک سندھ، پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 4 ہزار 484 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار 254 تک جا پہنچی۔حکومت کی جانب سے بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ایک ہزار 776، پنجاب میں ایک ہزار 537، خیبر پختونخوا میں 459، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 635، گلگت بلتستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں مزید 34 کیسز سامنے آئے۔
