وقار یونس نے میرا کیرئیر تباہ کیا

پاکستانی اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے سابق کوچ وقار یونس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وجہ سے میرا کرکٹ کیرئیر تباہ ہوا ہے۔

اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران احمد شہزاد نے کہا کہ سابق ہیڈکوچ وقار یونس کی جانب سے بورڈ میں ایک رپورٹ جمع کروائی گئی تھی کہ میں آؤٹ آف فارم ہوں مجھے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہئے، بورڈ میں پیش کی گئی رپورٹ کو خود نہیں دیکھا لیکن ایک نمائندے نے بتایا تھا کہ عمر اکمل اور مجھے آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے، شہزاد نے کہا کہ وقار یونس کی وجہ سے ان کا کیرئیر تباہ ہوا۔

اوپنر احمد شہزاد نے سینئر کھلاڑیوں کی طرف سے سپورٹ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی اور میں نے ساتھ ڈیبیو کیا لیکن دھونی کی رہنمائی میں کوہلی بہتری کی جانب گامزن ہوئے تاہم میرا کیرئیر زوال پذیر ہوا۔ بدقسمتی سے پاکستان میں لوگ آپ کی کامیابی کو برداشت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سینئر کھلاڑی اور سابق کرکٹرز کسی کو کامیاب ہوتے دیکھنا ہضم نہیں کر سکتے، جو پاکستان کرکٹ کیلئے بدقسمتی ہے۔ اس سے قبل مڈل آرڈر بلےباز عمر اکمل نے سابق ہیڈکوچز مکی آرتھر اور وقار یونس کے تعصبانہ رویوں کا الزام عائد کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس ایک لیجنڈری فاسٹ باؤلر تھے لیکن میں انہیں بطور ہیڈکوچ نہیں سمجھ سکا۔

Back to top button