ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے جمہوری ادارے کونقصان پہنچایا

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ گورنر پنجاب نے آرڈیننس جاری کر کے نہایت غیر قانونی کام کیا ہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے سب سے بڑے جمہوری ادارے پنجاب اسمبلی کو نقصان پہنچایا۔
سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے ملاقات کے دوران پرویز الٰہی نے کہا سپیکر کے ہوتے ہوئے ڈپٹی سپیکر اسمبلی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتا، ایوان اقبال میں ہونے والی کارروائی غیر آئینی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ گورنر پنجاب نے آرڈیننس جاری کر کے نہایت غیر قانونی کام کیا ہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے سب سے بڑے جمہوری ادارے پنجاب اسمبلی کو نقصان پہنچایا، گورنر کے ذریعے پنجاب اسمبلی کے اختیارات کو سلب کرنے کی کوشش کی گئی، اسمبلی کے علاوہ کسی اور جگہ اجلاس بلانے کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں، جیسے مہمانوں کی گیلری میں الیکشن کی کوئی حیثیت نہیں۔
انکا کہنا تھا اسمبلی سے باہر غیر آئینی اجلاس سیکرٹری پنجاب اسمبلی اور سٹاف کے بغیر اجلاس طلب کر کے غیر قانو نی کام کیا گیا، اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کے مطابق سپیکر کا طلب کردہ اجلاس سپیکر ہی ختم کر سکتا ہے، کسی اور کے پاس سپیکر کے طلب کردہ اجلاس کو ختم کرنے کا اختیار نہیں ہے، سپیکر کے ہوتے ہوئے ڈپٹی سپیکر کے پاس اجلاس کرنے کا کوئی اختیار نہیں،،پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر بابت 1997 کے قاعدہ 3 اور 4 کے تحت اجلاس کو بلانے اور ختم کرنے کے آرڈرز سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے کرنے ہوتے ہیں۔
اس موقع پر سابق گورنرعمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ اس کے بعد مذکورہ آرڈیننس منسوخ ہو گیا ہے،آرڈیننس منسوخ ہونے کے بعد اسمبلی خود مختار حیثیت میں بحال ہو گئی ہے۔
