ویکسی نیشن کے بغیر نئی سم کے اجرا پر پابندی کا عندیہ

لاہور: کورونا ویکسینیشن کے بنا موبائل فون کی نئی سم کے اجرا اور پرانی سم کی تبدیلی پر پابندی عائد کرنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔یہ عندیہ کمشنر لاہور کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان نے اپنی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں دیا۔اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کی تمام مارکیٹوں کے دکانداروں کو ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں اس امر پربھی غور و خوص کیا گیا کہ ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے بینکوں سمیت دیگر اداروں میں اسپیشل لائنیں لگائی جائیں۔کمشنر لاہور کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارکس سمیت دیگر تفریحی مقامات پر ماسک کے بغیر داخلہ و تفریح پر پابندی ہوگی۔
ہم نیوز نے ذرائع سے بتایا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈومیسائل اور برتھ سرٹیفکیٹ سمیت ودیگر سرکاری خدمات کی فراہمی ماسک پہننے سے مشروط ہو گی۔
