ٹک ٹاکر گلمینہ قتل کیس میں اہم پیشرفت، گھر کے افراد پر قتل کی منصوبہ بندی کا الزام

راولپنڈی پولیس کا دعویٰ، والد، بھائی اور دیگر رشتہ داروں سمیت 5 افراد گرفتار، تحقیقات مزید جاری

ٹیکسلا (نیوز ڈیسک) ٹک ٹاکر گلمینہ قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں راولپنڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتولہ کے اپنے گھر والے ہی قتل کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر ملوث نکلے ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گلمینہ کو اس کے والد، بھائی اور کزن نے مبینہ طور پر مل کر قتل کروایا، جبکہ مقتولہ کے والد نے قتل کے بعد مقدمے میں مدعی کا کردار بھی ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ گلمینہ کے اہل خانہ اس کی سوشل میڈیا ویڈیوز کو پسند نہیں کرتے تھے اور اسی مخالفت کی وجہ سے مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق مقتولہ کے والد، بھائی، کزن اور دیگر رشتہ داروں نے مبینہ طور پر ایسا منصوبہ بنایا کہ قتل کا الزام کسی دوسرے شخص یا افراد پر عائد کیا جا سکے۔

پولیس کے مطابق کیس میں اب تک 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں سے ایک ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے، جبکہ دونوں مبینہ شوٹرز بھی پولیس کی گرفت میں ہیں۔

ملک طارق محبوب نے گرفتار ملزمان کی شناخت فضل، بشیر، احسان، روزی خان اور یاسین کے نام سے بتائی۔ ان میں مقتولہ کا والد فضل، بھائی بشیر، چچازاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچازاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ سی پی او کی جانب سے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جنہوں نے مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کیں اور شواہد کی بنیاد پر چھاپے مارے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدا میں مقدمے میں جن افراد کو نامزد کیا گیا تھا، تاہم دوران تفتیش مزید افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا اور مزید گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

پولیس کے مطابق مقتولہ گلمینہ خیبرپختونخوا سے منتقل ہوکر اسلام آباد آئی تھیں۔ کچھ عرصہ قبل ایک شادی کی تقریب میں ٹک ٹاکر کی شرکت پر بھی اعتراض سامنے آیا تھا۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق گلمینہ پر اس سے پہلے بھی حملے کی کوشش کی گئی تھی، جو ہری پور میں کی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گلمینہ قتل کیس کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ لاکڑتی میں ایک شادی شدہ خاتون کے قتل کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔

Back to top button