میگھن مارکل کی اداکاری میں واپسی کی خبریں، نیٹ فلکس سیریز ’دی جینٹلمین‘ میں انٹری متوقع

شاہی زندگی چھوڑنے کے بعد میگھن مارکل کے ممکنہ اسکرین کم بیک پر بات چیت جاری، تاہم حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا

لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’دی جینٹلمین‘ کے ممکنہ تیسرے سیزن کے ذریعے اداکاری میں واپسی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ہالی ووڈ رپورٹر کے مطابق میگھن مارکل سے ایک کردار کے لیے ابتدائی سطح سے آگے بات چیت جاری ہے، تاہم ڈیڈ لائن نے ان مذاکرات کو فی الحال مفروضی نوعیت کی گفتگو قرار دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سیریز کے دوسرے سیزن کی ریلیز اگلے ماہ متوقع ہے، جبکہ تیسرے سیزن کی ابھی تک باضابطہ منظوری نہیں دی گئی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل کی ممکنہ شمولیت کے حوالے سے بات چیت ایک اہم مرحلے تک پہنچی ہے، تاہم ان کے کردار کے بارے میں ابھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

نیٹ فلکس اور میگھن مارکل و شہزادہ ہیری کے نمائندوں نے ان اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

میگھن مارکل نے 2011 سے 2018 تک امریکی ٹی وی ڈراما ’سوٹس‘ میں اداکاری کی تھی، جس سے انہیں عالمی سطح پر شہرت ملی۔ بعد ازاں شہزادہ ہیری سے شادی اور شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد انہوں نے باقاعدہ اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

گائے رچی کی تخلیق کردہ ’دی جینٹلمین‘ ایک جرائم پر مبنی ڈراما سیریز ہے، جس میں تھیو جیمز مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو اپنے خاندان کی بڑی جاگیر کا وارث بنتا ہے اور بعد میں اسے معلوم ہوتا ہے کہ یہ جائیداد برطانیہ کی ایک بڑی غیر قانونی بھنگ کی سلطنت اور جرائم کی دنیا کا مرکز ہے۔

سیریز کے تیسرے سیزن کے حوالے سے حتمی فیصلہ دوسرے سیزن کی کارکردگی اور نیٹ فلکس کے آئندہ فیصلے پر منحصر ہوگا۔

واضح رہے کہ میگھن مارکل کی ممکنہ اداکاری میں واپسی کی خبریں ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب شہزادہ ہیری اور میگھن کے برطانیہ سے دوبارہ مستقل یا طویل مدتی تعلق کے حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آ رہی ہیں۔

شہزادہ ہیری نے 2020 میں شاہی خاندان کے سینیئر رکن کی حیثیت سے اپنی سرکاری ذمہ داریوں سے دستبرداری اختیار کی تھی، جس کے بعد وہ میگھن اور اپنے دو بچوں کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

Back to top button