ٹک ٹاک نے پاکستان سے 98 لاکھ سے زائد ویڈیوز ہٹائیں

معروف سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس نے مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے پر پاکستان سے اپ لوڈ کی جانے والی 98 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی ہیں‌ ، اتنی بڑی تعداد میں ویڈیوز ڈیلیٹ ہونے والی کیٹیگری میں پاکستان دنیا میں‌ دوسرے نمبر پر رہا ۔

چینی ایپ کی جانب سے ’کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ‘ رپورٹ کے نتائج بھی شیئر کیے گئے جس کے تحت 2021 کی دوسری سہ ماہی میں پلیٹ فارم سے ہٹائے جانے والے مواد کے حجم اور نوعیت کی تفصیلات بھی بتائی گئی ہیں‌۔

رپورٹ میں کمیونٹی کی سخت رہنما ہدایات کی خلاف ورزی، کمیونٹی، پالیسی سازوں اور غیر سرکاری تنظیموں کے لیے پلیٹ فارم کے عوامی احتساب کو تقویت دینے کے لیے ہٹائے گئے مواد کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

رواں برس اپریل سے جون تک عالمی سطح پر 8 کروڑ 15 لاکھ 18 ہزار سے زائد ویڈیوز ہٹائی گئیں، جو اپ لوڈ کیے گئے تمام مواد کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ ویڈیوز میں سے 93 فیصد کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹے کے اندر ڈیلیٹ کیا گیا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ ہٹائے گئے مواد میں سے 87.5 کو کسی صارف نے نہیں دیکھا تھا ، ہٹائے جانے والی ویڈیوز میں سے 73.3 فیصد ہراسانی اور دھمکانے جیسے مواد کو فروغ دینے جبکہ 72.9 فیصد نفرت آمیز رویے پر مشتمل تھیں جنہیں رپورٹ کیے جانے سے قبل ہٹایا گیا۔

Back to top button