ٹی 20 فائنل؛ جنوبی افریقہ کو شکست، بھارت پھر ورلڈ چیمپئن بن گیا

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں بھارت سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دیکر دوسری بار عالمی چیمپئن بن گیا۔کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم بارباڈوس میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم بھارت کے 177 رنز کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بناسکی۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے ہینری کلاسن 52 رنز، کوئنٹن ڈی کوک 39 رنز اور ٹرسٹن اسٹبس 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ریزا ہینڈرکس اور ایڈن مارکرم نے 4، 4 رنز، مارکو جینسن 2 اور کاگیسو ربادا 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کیشو مہاراج 2 اور اینرچ نورٹجے 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت کی طرف سے ہارڈک پانڈیا نے 3، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے 2، 2 اور اکسر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے اس سے قبل بھارت 2007 میں پاکستان کو شکست دیکر پہلی بار ٹی 20 چیمپئن بنا تھا۔ بھارت اس ٹورنامنٹ میں فائنل تک ناقابل شکست رہا اور یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی ٹیم نے بغیر کوئی میچ ہارے ٹرافی جیتی ہے۔

قبل ازیں کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم بارباڈوس میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ ویرات کو ہلی 76 اور اکسر پٹیل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔بھارت کی پہلی اور دوسری وکٹ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر گریں، کپتان روہت شرما 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے انکے بعد بیٹنگ کیلئے آنیوالے رشبھ پنت بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔بھارت کو تیسرا نقصان 34 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب سوریا کمار یادو 3 رنز بناکر کیچ تھما گئے۔

بھارت کی چوتھی وکٹ 106 رنز پر گری جب اکسر پٹیل 47 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ 163 رنز کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔آخری اوور میں شیوم دوبے 27 اور رویندرا جڈیجا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ہاردک پانڈیا 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے کیشو مہاراج اور اینرچ نورٹجے نے 2، 2، کاگیسو ربادا اور مارکو جینسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ فائنل کیلئے بھارت اور جنوبی افریقا نے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھا تھا اور دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

واضح رہے ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو شکست دے کر پہلی بار کسی بڑے ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی اور شائقین کو اپنی جانب متوجہ کیا، دوسری جانب بھارت نے گیانا میں انگلینڈ کے ٹائٹل کے دفاع کو مات دے کر فارمیٹ کے تیسرے فائنل میں جگہ بنائی۔

خیال رہے کہ بھارت کے پلیئنگ الیون میں کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، رویندر جڈیجا، 9 ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ شامل تھے جبکہ جنوبی افریقہ کی تیم میں کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، ریزا ہینڈرکس، ایڈن مارکرم (کپتان)، ہینری کلاسن، ڈیوڈ ملر، ٹرسٹن اسٹبس، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے اور تبریز شمسی شامل تھے۔

Back to top button