ٹی20 ورلڈ کپ کا رواں سال انعقاد ممکن نہیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ کے انعقاد پر مصر ہے لیکن کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نے ایونٹ کے انعقاد کو انتہائی خطرناک قرار دے دیا ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، ایونٹ میں 16 ٹیموں نے شرکت کرنی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں شیڈول کے مطابق ایونٹ کا انعقاد انتہائی خطرے کا باعث ہوگا۔ موجودہ صورت حال میں ایونٹ کے التواء کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم سنگین حالات اور کورونا کے سبب درپیش خطرے کے باوجود آئی سی سی ایونٹ کے رواں سال ہی انعقاد پر مصر ہے۔
جمعرات کو آئی سی سی کے بورڈ کے اجلاس میں ایونٹ کے مستقبل کے حوالے سے بحث کی گئی لیکن پھر اس معاملے پر گفتگو کو 10 جون کو ہونے والے اجلاس تک موخر کردیا گیا۔ رابرٹس نے کہا کہ آئی سی سی کےلیے ورلڈ ٹی20 کی ٹائمنگ بہت اہم ہے، ہم سب پرامید ہیں کہ یہ اکتوبر ۔ نومبر میں منعقد ہو لیکن ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ایونٹ کے انعقاد کے امکانات پر بہت بڑا خطرہ منڈلا رہا ہے اور یہ انتہائی خطرے کا باعث ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ورلڈ کپ ملتوی ہوتا ہے تو ایونٹ کو 2021 اور 2022 میں منعقد کرانے کے آپشن موجود ہیں، ہم تمام امکانات پر غور کر رہے ہیں جس میں دوسروں ملکوں سے چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے کھلاڑیوں کو لانے سمیت مختلف باتیں شامل ہیں۔
رابرٹس کا کہنا تھا کہ آئی سی سی آنے والے سالوں میں شیڈول متعدد ایونٹس کو بھی دیکھ رہا ہے، وہ سوچ رہے ہیں کہ آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کو کب منعقد کیا جا سکتا ہے، آئندہ سال بھارت میں ٹی20 ورلڈ کپ شیڈول ہے اور پھر 2023 میں بھی بھارت نے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے جب کہ ہم ویمن کرکٹ کو بھی نظرانداز نہیں کر سکتے کیوں کہ اگلے سال کے اوائل میں نیوزی لینڈ میں ویمن ورلڈ کپ بھی شیڈول ہے۔
اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ارل ایڈنگز نے رواں سال شیڈول ورلڈ کپ کو آئندہ سال منعقد کرانے کی تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کو منسوخ کیا جاتا ہے اور اگر اسے اکتوبر اور نومبر 2022 میں شیڈول کیا جاتا ہے تو اس سے کرکٹ کو نقصان پہنچے گا۔ ایڈنگز نے اس کی جگہ تجویز پیش کی کہ آسٹریلیا کو اکتوبر ۔ نومبر 2021 میں ایونٹ کی میزبانی کرنے کی اجازت دی جائے اور بھارت کو اس کے بعد اگلے سال 2022 میں ایونٹ کی میزبانی دے دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا انتہائی کامیابی سے کورونا کے خطرے سے نمٹنے میں کامیاب رہا جس کا مطلب ہے کہ 2021 میں ایونٹ کے انعقاد کے کہیں زیادہ امکانات ہیں اور اس طرح بھارت کو کورونا کے مسائل سے نمٹنے کےلیے مزید ایک سال کا عرصہ مل جائے گا۔ ایونٹ کے انعقاد اور التواء کا حتمی فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button