پاکستانی صارفین کی اکثریت انٹرنیٹ سے نا خوش کیوں ہے؟

پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین اس کے منفی اور مثبت اثرات کے حوالے سے ملا جلا رجحان رکھتے ہیں، 43 فیصد صارفین خود کو انٹرنیٹ کے بغیر محفوظ اور مطمئن محسوس کرتے ہیں جبکہ بقیہ 47 فیصد افراد انٹرنیٹ کو زندگی کا اہم جزو قرار دیتے ہیں۔
گیلپ اینڈ گیلانی سروے کے مطابق 43 فیصد پاکستانی انٹرنیٹ صارفین انٹرنیٹ کے بغیر خود کو مطمئن، خوشگوار اور ہر طرح کے ذہنی دباؤ سے محفوظ محسوس کرتے ہیں جبکہ ملک بھر سے شماریاتی طریقے سے منتخب انٹرنیٹ صارفین سے دریافت کیا گیا تھا کہ اگر ان کی زندگی سے انٹرنیٹ ختم کر دیا جائے تو وہ انٹرنیٹ کے بغیر زندگی کو کس طرح تصور کریں گے۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے 28 فیصد رائے دہندگان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کے بغیر ان کی زندگی ’بے رونق، بیزار اور تفریح سے خالی‘ ہوگی، اسی طرح 7 فیصد افراد نے انٹرنیٹ کے بغیر اپنی گھریلو آمدنی کے بُری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔
تقریباً 10 فیصد رائے دہندگان سمجھتے ہیں کہ وہ انٹرنیٹ کے بغیر ’تنہا اور دوسروں سے جدا‘ محسوس کریں گے جبکہ سروے میں حصہ لینے والے 7 فیصد انٹرنیٹ صارفین کا سمجھتے ہیں کہ انٹرنیٹ کے بغیر وہ خود پریشان کن، مایوس اور ذہنی دباؤ کا شکار محسوس کریں گے۔
سروے میں پوچھے گئے سوال پر 13 فیصد رائے دہندگان نے بتایا کہ انہیں کوئی اندازہ نہیں کہ انٹرنیٹ کے بغیر ان کی ممکنہ زںدگی کیسی ہوگی جبکہ 7 فیصد شہریوں نے اس ضمن میں کسی قسم کی رائے کا اظہار نہیں کیا۔
گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کا یہ حالیہ سروے گیلپ انٹرنیشنل سے منسلک گیلپ اور گیلانی پاکستان کی مدد سے ملک کے چاروں صوبوں کی دیہی و شہری آبادی کے 1535مرد و خواتین سے 29 مارچ تا 7 اپریل 2023 میں کیا گیا تھا۔
گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کے مطابق اس سروے میں غلطی کے امکان کا تخمینہ شماریاتی طور پر 95 فیصد اعتماد کے ساتھ مثبت اور منفی 2 سے 3 فیصد لگایا گیا ہے، سروے کے دوران ڈیٹا ٹیلی فون پر انٹرویو کے ذریعہ اکٹھا کیا گیا ہے۔
