گوگل جیمنائی کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی

سندر پچائی کے مطابق جیمنائی گوگل کی تیز ترین ایک ارب صارفین کا ہندسہ عبور کرنے والی سروس بن گئی، اے آئی مارکیٹ میں مسابقت مزید تیز

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) گوگل کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ جیمنائی کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی ہے، جس کے بعد یہ کمپنی کی سب سے تیزی سے اس سنگ میل تک پہنچنے والی سروس بن گئی ہے۔

گوگل کے چیف ایگزیکٹو افسر سندر پچائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب ہر ماہ ایک ارب سے زیادہ افراد جیمنائی استعمال کررہے ہیں۔

سندر پچائی کے مطابق جیمنائی گوگل کی 14ویں ایسی سروس ہے جس کے صارفین کی تعداد ایک ارب کے ہندسے تک پہنچی ہے۔

اس سنگ میل کے بعد جیمنائی کو چیٹ جی پی ٹی کے بعد دنیا کے مقبول ترین اے آئی اسسٹنٹس میں شمار کیا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق چیٹ جی پی ٹی نے جون 2026 میں ایک ارب ماہانہ صارفین کا ہدف عبور کیا تھا، جبکہ جیمنائی نے تقریباً ڈھائی سال میں یہ مقام حاصل کیا۔

گوگل نے جیمنائی کو 2024 کے آغاز میں متعارف کرایا تھا۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم نے بھی جیمنائی کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت میں اہم کردار ادا کیا، کیونکہ یہ متعدد اسمارٹ فونز میں ڈیفالٹ اے آئی اسسٹنٹ کے طور پر دستیاب ہے۔

سندر پچائی نے عندیہ دیا ہے کہ جیمنائی سے متعلق مزید اہم اپ ڈیٹس اور نئے فیچرز پر کام جاری ہے، جن کا اعلان آنے والے دنوں میں کیا جاسکتا ہے۔

جیمنائی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باوجود گوگل کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں اوپن اے آئی، اینتھروپک اور دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔

Back to top button