مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی کو باقاعدہ میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا درجہ مل گیا
گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری، ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کو بھی کالج کے ساتھ منسلک کردیا گیا

لاہور (نیوز ڈیسک) مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی کو باقاعدہ میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا درجہ دے دیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
گورنر پنجاب نے پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2003 کے تحت کالج کو میڈیکل انسٹی ٹیوشن کا درجہ دینے کی منظوری دی، جس کے بعد مذکورہ قانون کا اطلاق کالج پر فوری طور پر نافذ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میانوالی کو بھی مریم نواز شریف میڈیکل کالج کے ساتھ بطور اٹیچڈ ہسپتال منسلک کردیا گیا ہے۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کالج اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کے انتظامی امور چلانے کے لیے ایک ایڈمنسٹریشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
یہ کمیٹی صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد قائم کی گئی ہے اور اس میں سیکرٹری خزانہ پنجاب، کمشنر سرگودھا ڈویژن، ڈپٹی کمشنر میانوالی اور پرنسپل مریم نواز شریف میڈیکل کالج سمیت دیگر متعلقہ افسران شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مستقل بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام اور فعال ہونے تک یہی ایڈمنسٹریشن کمیٹی بورڈ آف مینجمنٹ کے اختیارات اور ذمہ داریاں انجام دے گی۔
کمیٹی فوری طور پر مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی اور اس سے منسلک ڈی ایچ کیو ہسپتال کے انتظامی معاملات کی نگرانی شروع کرے گی۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے متعلقہ نوٹیفکیشن 15 اگست 2026 کو جاری کیے گئے، جس کے بعد کالج اور منسلک ہسپتال کے لیے انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچہ باضابطہ طور پر قائم ہوگیا ہے۔
