پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی وطن واپس پہنچ گئے

کابل میں قاتلانہ حملے کے بعد پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی مشاورت اور دیگر کاموں کیلئے وزارت خارجہ کی ہدایت پر وطن واپس آئے، وہ آئندہ کچھ دنوں میں کابل واپس روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ افغان دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور عبید نظامانی پر جمعہ 2 دسمبر کو قاتلانہ حملہ ہوا تھا، جس میں خود محفوظ رہے تاہم ان کا محافظ شدید زخمی ہو گیا تھا، پاکستانی ناظم الامور کے سیکیورٹی گارڈ کے سینے میں تین گولیاں لگیں، بعد ازاں اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا حکومت پاکستان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغانستان کی عبوری حکومت سے تحقیقات اور ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔بعد ازاں ہفتے کے روز کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے قریب واقع ایک عمارت کی آٹھویں منزل پر چھاپا مار کارروائی میں ایک شخص گرفتار کر لیا گیا، جس سے متعلق بتایا گیا کہ وہ پاکستانی ناظم الامور پر حملے کا ملزم ہے۔
