پشاور ہائیکورٹ:نورین نیازی کی 20 اگست تک راہداری ضمانت منظور

پشاور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کی 20 اگست تک راہداری ضمانت منظور کرلی جس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔
عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ عدالت نے نورین نیاز کو 20 اگست تک راہداری ضمانت دی ہے، درخواست گزار وکیل کے مطابق سائلہ کو اس کیس میں جھوٹا پھنسایا گیا، وکیل کے مطابق ایف آئی آر میں موجود محض الزامات کے علاوہ درخواست گزار کے خلاف ریکارڈ پر کوئی دوسرا ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کیس کے حالات و واقعات کے پیش نظر سائلہ کی درخواست معقول ہونے کی وجہ سے قابلِ غور ہے، درخواست گزار کی درخواست منظور کی جاتی ہے، درخواست گزارہ عدالت کے ایڈیشنل رجسٹرار کی تسلی کے لیے 80,000 ضمانتی مچلکے جمع کرانے، درخواست گزار کی 20 اگست تک راہداری ضمانت منظور کی جاتی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار 20 اگست تک اسلام آباد کی متعلقہ عدالت سے رجوع کرے، دفتر اس آرڈر کی نقول انچارج پولیس سٹیشن اور متعلقہ عدالت کو ارسال کریں۔
وکیل درخواست گزار کے مطابق موکلہ نورین نیاز کے خلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کیا، درخواست گزارہ کے خلاف جھوٹ پر مبنی مقدمہ درج کیا گیا جس پر گرفتاری کا خدشہ ہے۔
