پاکستانی نژاد گلوکارزین ملک اورجی جی حدید کے تعلقات دوبارہ استوار

فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل 24 سالہ جی جی حدید اور پاکستانی نژاد 27 سالہ زین ملک کی جوڑی کو دنیا کی معروف اور رومانوی جوڑیوں میں شمار کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم مارچ 2018 میں دونوں کی علیحدگی نے دنیا بھر میں موجود دونوں کے مداحوں کو مایوس کردیا تھا۔ دونوں کے درمیان 2015 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور 2016 میں بھی دونوں کے درمیان ناراضگیاں ہوئی تھیں تاہم پھر سے دونوں ایک ہوگئے تھے۔
دو سال تک ایک ساتھ رہنے کے بعد مارچ 2018 میں جی جی حدید اور زین ملک نے ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور دونوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے علیحدگی کی تصدیق بھی کی تھی۔ علیحدگی کے باوجود دونوں کی خفیہ ملاقاتوں کی چہ مگوئیاں ہوتی رہیں تاہم ساتھ ہی یہ خبریں بھی آتی رہیں کہ زین ملک نے کسی اور خاتون جب کہ جی جی حدید نے کسی اور مرد سے تعلقات استوار کرلیے ہیں۔
لیکن دسمبر 2019 کے وسط سے یہ خبریں آنا شروع ہوئیں کہ تقریبا ڈیڑھ سال تک الگ رہنے کے بعد اب ایک بار پھر جی جی حدید اور زین ملک ایک ہونے جا رہے ہیں اور جلد ہی دونوں پہلی بار ملاقات کرکے ایک دوسرے کی ناراضگیاں ختم کریں گے اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ دونوں نے دوبارہ تعلقات استوار کرتے ہوئے ایک دوسرے سے اہل خانہ کے ہمراہ ملاقات کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا۔
شوبز ویب سائٹ ’ای نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ زین ملک اور جی جی حدید نے نیویارک میں ملاقات کی اوردونوں نے ایک ساتھ ڈنر کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈنر کے لیے جی جی حدید نے نیویارک میں ایک اچھے مقام پر جگہ کرائے پر حاصل کی تھی جہاں انہوں نے پرانے دوست زین ملک اور اہل خانہ کے ساتھ اچھا وقت گزارا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں نے مارچ 2018 کے بعد پہلی بار ملاقات کی اور اس ملاقات سے قبل زین ملک نے دسمبر 2019 میں جی جی حدید سے رابطہ کرکے تعلقات بحال کرنے کا کہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں 11 جنوری 2020نیویارک میں ملے جہاں انہوں نےایک سالگرہ پارٹی بھی منعقد کی اسی پرجی جی حدید نے زین ملک کو دوسرا چانس دیتے ہوئے ان سے تعلقات بحال کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کی پہلی ملاقات کے وقت ان کے ساتھ جی جی حدید کی والدہ 56 سالہ یالندا حدید ماڈل کی چھوٹی بہن 23 سالہ بیلا حدید، بھائی 22 سالہ انور حدید اوران بھائی کی گرل فریںڈ 24 سالہ امریکی گلوکارہ دعا لیپا بھی ساتھ تھیں۔
اسی رپورٹ کے حوالے سے شوبز ویب سائٹ ’پیج سکس‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دونوں کی ملاقات 11 جنوری 2020 کو نیویارک میں ہوئی۔ جی جی حدید کا شمار دنیا کی معروف ماڈلز میں ہوتا ہے دونوں کی ملاقات جی جی حدید کی والدہ یالندا حدید کی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر ہوئی اور ان کی سالگرہ ایک پرائیویٹ جگہ پر منائی گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ زین ملک اور جی جی حدید کے درمیان دوبارہ تعلقات استوار ہونے پر جی جی حدید کے اہل خانہ بھی خوش ہیں کیوں کہ انہوں نے ہمیشہ سے ہی زین ملک کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھا ہے۔ نیویارک میں دونوں کی ملاقات کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں دونوں کو انتہائی خوش دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ دونوں کے درمیان تعلقات بحال ہونے اور دونوں کی ملاقات کی خبریں اور تصاویر سامنے آ چکی ہیں تاہم تاحال دونوں نے ایک دوسرے سے تعلقات بحال کرنے کی خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔
