شارجہ سے کراچی آنے والا کارگو طیارہ سمندر میں لاپتہ، سرچ آپریشن جاری

 

شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ کراچی کے قریب سمندر میں لاپتہ ہوگیا، جس کے بعد طیارے کی تلاش کے لیے امدادی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے جاری آپریشن میں پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ مقام کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔ پاک فضائیہ کا ساب طیارہ بھی بولہاری سے روانہ ہو کر سرچ آپریشن میں شامل ہے، جبکہ پاک بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ تربت سے پرواز کے بعد تلاش کی کارروائی کا حصہ بن چکا ہے۔

پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے تجارتی جہاز لاہور کو بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے نجی کمپنی کے کارگو طیارے سے رابطہ منقطع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والی پرواز سے دورانِ پرواز رابطہ ختم ہوا۔

پی اے اے کے ترجمان کے مطابق طیارے نے پرواز کے دوران نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر (اے سی سی) نے طیارے کو فوری رہنمائی فراہم کی۔ تاہم طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور اس کی سمت بھی تبدیل ہوگئی۔ لاپتہ نجی کارگو طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔

 

ایران جھکنے والا نہیں، غنڈہ گردی کا دور ختم ہو چکا: باقر قالیباف

ترجمان کے مطابق کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا، جبکہ اس سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوگیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر فوری طور پر فعال کر دیا گیا اور سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

Back to top button