پاکستانی ڈرامے میں سری لنکن اداکارہ کیا کر رہی ہے؟

فوج کی خواتین افسران اور اہلکاروں کی کہانی پر مبنی پاکستانی ڈراما سیریل ’صنف آہن‘ میں اب ایک سری لنکن اداکارہ یحالی تاشیا کا اضافہ کیا گیا ہے جو ایسی کیڈٹ کا کردار نبھائیں گی جو دوسری خواتین کیڈٹ کے ساتھ ٹریننگ کے لیے پاکستان آتی ہے۔ اس ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ اسمیں پاکستان کی پانچ ٹاپ اداکارائیں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان کام کر رہی ہیں۔
ڈرامے کی پروڈیوسرز ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز نے سری لنکن اداکارہ یحالی کو کاسٹ میں شامل کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔یحالی تاشیا کے اکاؤنٹ پر موجود تصاویر میں انہیں پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایات ندیم بیگ دیں گے۔ اسے ہمایوں سعید اور ان کی اہلیہ نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر’ نے معاونت کی ہے۔ ڈرامے کی مرکزی کاسٹ میں سائرہ یوسف، سجل علی، کبریٰ خان، یمنٰی زیدی اور رمشا خان شامل ہیں جبکہ بعدازاں عثمان مختار اور میرب علی کو بھی ڈرامے کا حصہ بنایا گیا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ڈرامے میں مزید کون سے مرد اداکار کاسٹ کیے جائیں گے اور کیا ڈرامے میں ان خواتین کو رومانوی انداز میں بھی دکھایا جائے گا یا نہیں؟ ابھی تک یہ بھی کنفرم نہیں ہوسکا کہ کیا اداکار ہمایوں سعید خود بھی ڈرامے میں کوئی کردار ادا کریں گے یا صرف پروڈیوسر کے طور پر کام کریں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ پانچ مرکزی اداکارائیں ایک ساتھ اس ڈرامے میں کام کریں گی۔ ڈرامے کے حوالے سے اداکارہ سائرہ یوسف نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’صنف آہن‘ کی کہانی فوج کی 5 خواتین افسران کے گرد گھومتی ہے جو مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں مگر آرمی کا حصہ بننے کے بعد ان کی منزل ایک ہوجاتی ہے۔ اداکاراؤں کی جانب سے اس ڈرامے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے دوران تصاویر بھی شیئر کی گئیں، جن میں انہیں قومی پرچم کے مشابہ ہرے رنگ کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ان کے لباس پر ’صنف آہن‘ لکھا بھی پڑھا جا سکتا ہے۔’صنف آہن‘ کو اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اس ڈرامے کو کب تک نشر کیا جائے گا۔اگرچہ ’صنف آہن‘ کی کاسٹ کا حصہ بننے والی تمام اداکاراؤں نے ڈرامے سے متعلق پوسٹس کیں لیکن انہوں نے ڈرامے کی کہانی سے متعلق کچھ نہیں بتایا اور نہ ہی یہ بتایا کہ ڈرامے کو کب تک نشر کیا جائے گا۔
