تیسرا ٹی20 بارش کی نذر، پاکستان کی عالمی نمبر ایک پوزیشن برقرار

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کا تیسرا میچ بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا لیکن لاہور میں صبح سے جاری مسلسل بارش کے سبب میچ کا ٹاس بھی ممکن نہ ہو سکا۔ اس دوران امپائرز نے کئی مرتبہ گراؤنڈ کا رخ کیا لیکن تواتر کے ساتھ جاری بارش کے سبب میچ شروع ہونے کا امکان پیدا نہ ہو سکا۔بالآخر بارش نہ رکنے کے بعد امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتان اور میچ ریفری سے مشاورت کے بعد میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔پاکستان نے سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔ بابر اعظم بطور ٹی ٹوئنٹی کپتان اپنی پہلی ہی سیریز کے مین آف دی سیریز قرار پائے۔
پاکستان اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جب کہ بنگلہ دیش کی درجہ بندی نویں ہے، اگر بنگلہ دیش یہ مقابلہ جیتنے میں کامیاب ہوجاتا تو پاکستان اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہوجاتا۔ میچ بارش کی نذر ہونے اور سیریز میں 0-2 کی فتح کی بدولت پاکستان کی ٹیم عالمی نمبر ایک پوزیشن بھی برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔ عالمی درجہ بندی میں پاکستان 270پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 269پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، انگلینڈ تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے اور بھارت پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بارش کی نذر ہونے والے تیسرے ٹی20 میچوں میں شائقین کے ٹکٹ کی قیمت واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی نے تیسرے ٹی20 میچ کی ٹکٹ فیس واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شائقین کرکٹ کوریئر سینٹرز پر ٹکٹس واپس کر کے قیمت واپس وصول کر سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button