پی سی بی اجلاس، قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کےلیے مالی مراعات میں اضافے کی منظوری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی اور ڈومیسٹک کرکٹرز کےلیے مالی مراعات میں بڑے اضافے کی منظوری دے دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس دوران مالی سال 27 -2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پی ایس ایل کو انتظامی و مالیاتی طور پر خود مختار بنانے اور پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی جب کہ ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھاکر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔
محسن نقوی نے اجلاس میں نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کےلیے میچ فیس میں اضافےکی منظوری بھی دی۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھاکر ایک لاکھ روپے جب کہ ریزرو پلیئرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھاکر 50 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی۔
بورڈ آف گورنرز نے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس ضمن میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی جب کہ ریجنل گراؤنڈ سٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔
اجلاس میں 12 مزید گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے اور نیشنل سٹیڈیم سمیت دیگر انفراسٹرکچرکی اپ گریڈیشن کےلیے 6 ارب 70کروڑ روپےکی منظوری دی گئی جب کہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو میکینس مشین لگانے کےلیے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
