پاکستان خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواہاں ہے، یوسف رضا گیلانی
مسلح افواج قومی سلامتی کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، قائم مقام صدر

اسلام آباد: قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواہاں ہے۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے مسلح افواج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان طاقت کے بجائے مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اتحاد، جمہوریت اور ملکی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں ہماری آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی بنیاد ہیں۔ 6 ستمبر قومی عزم، اتحاد اور وطن کے دفاع کے لیے لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔ 1965ء میں مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کے خلاف غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔ شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی فاؤنڈیشن شہداء کی بیواؤں اور بچوں کی مسلسل معاونت کر رہی ہے، جبکہ شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود قومی ذمہ داری ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معرکۂ حق میں مسلح افواج کی بے مثال جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تحسین ہیں۔ مسلح افواج قومی سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
قائم مقام صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر عسکری قیادت کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
