پاکستان میں قدرتی گیس کا ایک اور بڑا ذخیرہ دریافت

پاکستان میں قدرتی گیس کا ایک اور بڑا ذخیرہ دریافت، سندھ کے علاقے گھوٹکی میں گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا، ماڑی پٹرولیم کی ایگریسو ایکسپلوریشن حکمت عملی کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں قدرتی گیس کا ایک اور بڑا ذخیرہ دریافت کرلیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ماڑی پٹرولیم کو سندھ کے علاقے گھوٹکی میں گیس کی دریافت کی کوششوں کے دوران بڑی کامیابی ملی ہے۔
دریافت کیے گئے گیس کے کنویں سے پیداوای سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دریافت سے ابتدائی طور پر یومیہ 31لاکھ 27ہزار مکعب فٹ گیس حاصل ہو سکے گی۔ ماڑی پٹرولیم کے اعلامیے کے مطابق سندھ کے ضلع گھوٹکی میں ڈھرکی کے علاقے میں گیس کی یہ مسلسل چھٹی دریافت ہے، نئی دریافت سے ابتدائی طور پر 31لاکھ 27ہزار مکعب فٹ گیس حاصل ہو سکے گی، گیس دریافت کےلیے کنویں کی 1250میٹر تک کھدائی کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ماڑی پٹرولیم کمپنی کے سی ای او نے اہم کامیابی پر گیس دریافت کرنے والے کمپنی کی ٹیم کو مبارک دی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اقبال ویل 1 کی کھدائی اور ٹیسٹنگ کا عمل ایم پی سی ایل کی ذاتی مہارت اور صلاحیت کا نتیجہ ہے۔ کنویں کی کھدائی کا کام 11جولائی 2020 کو مکمل کیا گیا جب کہ سوئی مین لائن اسٹون فارمیشن میں 1250میٹر کی گہرائی میں ملنے والی کامیابی کے بعد کنویں سے پیداواری سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ان ذخائر کی دریافت سے ملک میں گیس کی کمی پوری کرنے میں کچھ حد تک کامیابی حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کے سلسلے میں سندھ اور بلوچستان میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں، تاہم دریافت ہونے والے ذخائر اب بھی پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا نہیں کر سکتے۔ پاکستان کو اب بھی تیل و گیس کی ضروریات پوری کرنے کےلیے سالانہ اربوں ڈالرز کی امپورٹس کرنا پڑتی ہیں۔
