پاکستان میں پکڑے گئے بھارتی پائلٹ کو ترقی مل گئی

بالاکوٹ واقعے کے بعد پاکستانی حراست میں رہنے والے بھارتی ایئر فورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمان کو بھارتی فضائیہ نے ترقی دے کر گروپ کیپٹن کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابھی نندن کو گروپ کیپٹن کے عہدے کے لیے کلئیر کر دیا گیا ہے اور بہت جلد انہیں نیا عہدہ دے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ابھی نندن کو پاکستان میں گرفتاری کے بعد بھارت کے حوالے کر دیا گیا تھا جس کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا پر یہ افواہ چلی کہ ابھی نندن کو بھارتی فضائیہ سے جبری ریٹائر کردیا گیا ہے۔ ان افواہوں کو تقویت اس وقت ملی جب ابھی نندن نے بھارت پہنچنے کے کچھ عرصے بعد اپنی لمبی مونچھیں بھی کٹوا دیں لیکن اب یہ افواہیں غلط ثابت ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ گروپ کیپٹن کا عہدہ بھارتی آرمی کے کرنل کے برابر ہوتا ہے۔ابھی نندن ورتھمان فروری 2019 میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے تنازعے کا مرکزی کردار تھے۔پاکستانی طیارے نے انکا جہاز نشانہ بنا کر تباہ کر دیا تھا جسکے بعد وہ پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر اتر آئے اور پاکستانی فوج نے انہیں حراست میں لے لیا۔ دوران حراست ابھی نندن کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں وہ چائے پیتے ہوئے بتا رہے تھے کہ پاکستانی افواج نے ان کے ساتھ کتنا اچھا رویہ اختیار کیا تھا۔
یہ واقعہ اب ٹی از فینٹیسٹک کہلاتا ہے اور پاکستان اور بھارت کے مابین ایک استعارہ بن چکا ہے۔ ابھی نندن کی گرفتاری کا چرچا ڈھائی سال گزرنے کے باوجود بھی اکثرہوتا رہتا ہے۔ پاکستانی فضائیہ نے اس آپریشن کو ’سوئفٹ ری ٹورٹ‘ کا نام دیا تھا۔ آپریشن میں تباہ ہونے والے بھارتی مگ 21 کو پی اے ایف کی سرگودھا بیس پر بطور یادگار رکھا گیا ہے۔
27 فروری 2019 کو جب ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا تو وزیراعظم عمران خان نے انہیں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں اسے واہگہ سرحد کے راستے یکم مارچ 2019 کو بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
