پاکستان میں کرونا کا وار تیز، ایک دن میں ریکارڈ کیسز سامنے آ گئے

پاکستان میں بھی کورونا کا وار تیز ہوگیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں ریکارڈ کیسز کی تعداد سامنے آئی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 4,896 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 89,249 ہو گئی ہے جب کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1838 تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں جہاں ریکارڈ کیسز کی تعداد سامنے آئی ہے، وہاں ہی گزشتہ 24 گھنٹوں میں 68 افراد کورونا کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 33 ہزار 500 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سیںٹر کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 33 ہزار 144، خیبرپختونخوا 11 ہزار 890، بلوچستان 5,582، اسلام آباد 3,946، گلگت بلتستان 852 اور آزاد کشمیر میں 299 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اگر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد کی بات کی جائے تو ابھی تک سب سے زیادہ اموات پنجاب میں دیکھنے میں آئی ہیں جہاں مجموعی طور پر 690 افراد کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پنجاب کے بعد سندھ میں 575، خیبر پختونخوا میں 521، اسلام آباد میں 41، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 53 اور آزاد کشمیر میں 7 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سیںٹر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 812 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر چھ لاکھ 38 ہزار 323 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان میں اگر صحت مند ہونے والے مریضوں کی تعداد کی بات کی جائے تو ابھی تک مجموعی طور پر 31 ہزار 198 مریض صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے ہیں جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔
