پاکستان نیوی کے زیراہتمام عالمی سمندری مقابلہ آج سے شروع ہوگا

پاکستان نیوی کے زیراہتمام بین الاقوامی عالمی سمندری مقابلہ 2020 آج 3 فروری سے شروع ہوگا جو 6 فروری تک جاری رہے گا۔ سمندری مقابلے کی تمام تر تیاریاں مکمل۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق نیوی فزیکل ٹریننگ اسپورٹس کلب میں تیراکی اور سمندر میں جان بچانے کی دوڑ کے اس عالمی مقابلے میں چین، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان میرینز اکیڈمی کے علاوہ کئی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
بین الاقوامی سمندری مقابلے کا خیال 2013 میں پیش کیا گیا تھا اور اس کا پہلا ایونٹ پاکستان نیوی کے زیر اہتمام 2015 میں منعقد کیا گیا تھا دوسرا بین الاقوامی سمندری مقابلہ 2017 میں ہواتھا اب یہ تیسرا بین الاقوامی سمندری مقابلہ 3 فروری کو شروع ہوکر 6 فروری تک جاری رہے گا جس میں سیلنگ، تیراکی اور سمندر میں جان بچانے کی دوڑ کے مقابلے شامل ہیں۔
یہ بین الاقوامی سمندری مقابلہ 2 ٹیموں سے شروع ہو کر اب 7 بین الاقوامی ٹیموں کے مقابلے تک پہنچ چکا ہے جس میں یورپ اور مشرق وسطیٰ کی بحری ٹیمیں بھی شامل ہوں گی، بحری ٹیموں کے اس دوستانہ مقابلے کا مقصد ان ممالک کی سمندری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے، پاکستان نیوی کے زیر اہتمام منعقدہ دوسرا عالمی سمندری مقابلہ عوامی جمہوریہ چین کی نیوی ٹیم نے جیتا تھا، اس سال 3 فروری سے شروع ہونے والے عالمی سمندری مقابلے میں 2 نئی ٹیمیں بھی شریک ہورہی ہیں اس طرح اس سال یہ سمندری عالمی مقابلہ پہلے سے بھی زیادہ دلچسپ اور انتہائی کانٹے دار ہوگا۔
