پاکستان کا افغانستان کیخلاف کلین سویپ، نمبر ون ٹیم بن گئی

پاکستان نے افغانستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کرتے ہوئے ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، آخری ون ڈے میں افغان ٹیم 269 رنز ہدف کے تعاقب میں 209 رنز بنا سکی۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔قومی ٹیم نے مقرررہ 50 اوورز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب  سے محمد رضوان نے 67 اور بابراعظم نے 60 رنز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 6 چوکے لگائے جب کہ  بابراعظم کی اننگز  میں ایک  چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔ان کے علاوہ آغا سلمان نے 38، محمد نواز نے 30، فخر زمان نے 27 رنز کی اننگز کھیلی، امام الحق 13، سعود شکیل 9، شاداب خان 3 اور فہیم اشرف 2 رنز بناسکے۔افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے 2 ، فرید احمد نے 2، فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور  راشد خان نے ایک  ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

مطلوبہ ہدف کے جواب میں افغانستان کی ٹیم 209 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمن 37 گیندوں پر 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، شاہد اللہ نے 65 گیندوں پر 37 رنز بنائے، جبکہ ریاض حسن نے 66 گیندوں پر 34 سکور کیے، راشد خان نے 12 گیندوں پر 16 سکور کیے جس میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا، پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، فہیم اشرف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Back to top button