وزیراعظم کا آرمی چیف کو فون ، لاپتہ ہیلی کاپٹر پر اظہار تشویش

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کے حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کر کے جوانوں‌ کی خیریت دریافت کی، بلوچستان میں فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کرنے والا پاک فوج کا ہیلی کاپٹر اوتھل سے کراچی آتے ہوئے لاپتہ ہو گیا جس میں کورکمانڈر سمیت چھ افراد سوار تھے، وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون پر جوانوں اور آرمی آفیسر کی حفاظت کے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سوار ہیں، آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں فلڈ ریلیف آپریشن میں مصروف تھا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔
ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد اور 12 کور کے انجینیئر بریگیڈیئر خالد سوار ہیں، ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہٰ اورکریو میں چیف نائیک مدثر بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا اور آرمی ایوی ایشن کے لاپتا ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
آرمی چیف نے وزیراعظم کو گزشتہ شب سے جاری تلاش کی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نےلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوان کی سلامتی سے متعلق تشویش و فکر مندی کا اظہار کیا۔

Back to top button