’پرنس چارمنگ‘ پر غیر ملکی فلم کی کاپی کا الزام

اداکار شہریار منور کی پہلی ہدایت کردہ مختصر فلم ’پرنس چارمنگ‘ کا ٹیزر ٹریلر سامنے آتے ہی اس کی موسیقی اور عکس بندی کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسے غیر ملکی فلم سے چرایا گیا ہے۔پرنس چارمنگ‘ میں ماہرہ خان اور زاہد احمد نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں اور فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی جو عام آدمی ہونے کے باوجود بادشاہ بننے کے خواب دیکھتا ہے۔فلم میں جہاں زاہد احمد اور ماہرہ خان رومانس کرتے دکھائی دیں گے، وہیں اس فلم کے ذریعے شہریار منور ہدایت کاری کی دنیا میں بھی قدم رکھیں گے۔
پرنس چارمنگ‘ کے ٹیزر ٹریلرز کو دو دن قبل ہی جاری کیا گیا تھا، جنہیں دیکھنے کے بعد شائقین نے اس کی موسیقی اور عکس بندی کے انداز کوہانگ کانگ کی فلم کی کاپی قرار دیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹ کے مطابق نہ صرف ’پرنس چارمنگ‘ کی عکس بندی کا انداز بلکہ اس کی موسیقی کو بھی غیر ملکی فلم سے چرایا گیا۔شہریار منور کی ہدایت کردہ فلم پر الزام لگایا گیا کہ اس کی مناظر کے دوران پس پردہ چلنے والی موسیقی کو سال 2000 میں ریلیز ہونے والی ہانگ کانگ کی فلم ’ان دی موڈ فار لو‘ سے چرایا گیا۔
ساتھ ہی ماہرہ خان اور زاہد احمد کی فلم پر الزام لگایا گیا کہ اس کی عکس بندی کے انداز اور پوسٹرز کے بھی مذکورہ ہانگ کانگ کی فلم کی طرز پر بنایا گیا ہے اگرچہ پرنس چارمنگ‘ اور ’ان دی موڈ فار لو‘ کے ٹریلرز کو دیکھ کر دونوں کی موسیقی کا موازنہ کیا جائے تو دونوں میں قدرے مشترکہ میوزک سنائی دے گی جب کہ بعض دونوں موویز کی عکس بندی کا انداز بھی ملتا جلتا دکھائی دیتا ہے۔
https://www.instagram.com/p/CSNBVZ2JtSu/?utm_source=ig_web_copy_link
اگرچہ شہریار منور کی ہدایت کردہ مختصر فلم کی موسیقی اور عکس بندی کے انداز کو کاپی کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے فلم کی ٹیم نے کوئی جواب نہیں دیا۔اس سے قبل بھی متعدد پاکستانی فلموں اور گانوں پرغیر ملکی فلموں اور گانوں کی موسیقی اور انداز کو کاپی کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
حال ہی میں آئمہ بیگ اور فرحان سعید کے گانے ’نہ چھیڑ ملنگاں نوں‘ پر بھی امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے گانے ’وائلڈسٹ ڈریم‘ کو کاپی کرنے کا الزام لگایا تھا، جسے بعد ازاں گانے کے ڈائریکٹر نے تسلیم کرتے ہوئے کہا تھاکہ انہوں نے ٹیلر سوئفٹ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایسا کیا۔
