پنجاب حکومت کا عوام کے لیے اورنج لائن ٹرین 23 مارچ کو چلانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین 23 مارچ 2020 سےعوام کے لیے چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حامد یعقوب شیخ اوردیگرحکام نےشرکت کی۔ اجلاس میں طےکیا گیا کہ اورنج لائن ٹرین سےمتعلق چینی ٹھیکیدارکام کوبروقت مکمل کریں گے۔ اجلاس میں عاصم سلیم باجوہ نے ہدایت کی کہ اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کو مارچ میں ہرصورت عوام کیلئے کھولا جائے جبکہ چئیرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ نے کہا کہ23 مارچ کو باقاعدہ اورنج لائن ٹرین عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔
خیال رہے کہ 10 دسمبر2019 کواورنج لائن ٹرین نے مکمل روٹ پرآزمائشی سفرآغازکیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورنج لائن ٹرین کا کرایہ 40 روپے مقرر کرنے کی اصولی منظوری دے چکے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اگست 2015ء میں اورنج لائن ٹرین کا کام شروع کرایا تھا۔
ایک ارب62 کروڑڈالرکی لاگت کے اس منصوبے کودسمبر2017ء میں مکمل ہونا تھا لیکن عدالتی حکم امتناع اورحکومتوں کی تبدیلی کے باعث یہ منصوبہ دوسال کی تاخیر کا شکار ہوا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل شہبازشریف بھی اورنج لائن ٹرین دو بارآزمائشی طورپرچلا چکے ہیں۔
