ملالہ کی زندگی پرفلم بنانے والے ہدایتکار کومسلسل’دھمکیوں‘کا سامنا

دنیا کی کم عمرترین نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کی زندگی پرفلم بنانےوالے بھارتی ہدایت کار امجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی طالبہ پرفلم بنائے جانے پردھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
امجد خان کی ملالہ یوسف زئی کی زندگی پربنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ کا ٹریلررواں ماہ 10 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا اورساتھ ہی فلم کورواں ماہ کےآخرمیں ریلیزکرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ گل مکئی امجد خان کی بطورہدایت کارپہلی فلم ہے اورانہوں نے مذکورہ فلم پر2017 سے کام شروع کیا تھااورگزشتہ برس اس کامختصرٹیزر’ملالہ ڈے‘ کےموقع پرریلیزکیا گیا تھا۔
گزشتہ برس یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ ملالہ یوسف زئی کی زندگی پربنائی گئی فلم کے حوالے سے پاکستانی نوبیل انعام یافتہ طالبہ یااس کے اہل خانہ سے اجازت نہیں لی گئی تھی تاہم اس حوالے سے ملالہ یا ان کے اہل خانہ سمیت فلم کی ٹیم نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔ فلم کے ٹریلرجاری کیے جانے کے بعد اب ہدایت کارامجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دھمکیاں دینے کا سلسلہ تاحال جاری ہےاورانہیں کافی وقت سےدھمکیاں دی جارہی ہیں۔
بھارتی خبررساں ادارے ’انڈو ایشین نیوز سروس‘ سے بات کرتے ہوئےامجد خان کا کہنا تھا کہ انہیں حیرت ہے کہ ان کی فلم ’گل مکئی‘پرتنگ نظرلوگوں کوپریشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فلم کوگزشتہ برس اقوام متحدہ (یو این) کے تحت لندن میں پیش کیا گیا تھا اوران کی فلم کوملالہ یوسف زئی اوران کےوالد نے بھی دیکھا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلم دیکھنے کے دوران ملالہ اوران کے والد پوراوقت اپنی سیٹ پربیٹھےرہےاورفلم دیکھنے کے بعد ملالہ کےوالد ضیاء الدین یوسف زئی نے انہیں کہا کہ’انہوں نےان کےخوابوں کی تعبیر‘کوپیش کیاہے۔
امجد خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ملالہ یوسف زئی نے بھی اپنی زندگی پربنائی گئی فلم کوبہت سراہا اورفلم دیکھنے کے دوران وہ پرجوش دکھائی دیں جب کہ کئی مناظرکے دوران انہوں نے جذباتی ہوکرمٹھی بھی بند کی۔ ہدایت کارکےمطابق اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرمیں فلم اسکریننگ کے دوران کوئی بھی اپنی نشست سے نہیں اٹھا اورفلم دیکھنے کےدوران فلم دیکھنے والی خواتین اشکبارہوگئیں۔ انہوں نے فلم کےحوالےسے بتایا کہ مذکورہ فلم ملالہ یوسف زئی کی ابتدائی زندگی پرمبنی ہے فلم میں ملالہ پ حملے سے قبل کا وقت دکھایا گیا ہےتاہم فلم میں ان پرحملے کوبھی دکھایا گیا ہے۔
امجد خان نے بتایا کہ ’گل مکئی‘ فلم صرف ملالہ یوسف زئی کی کہانی نہیں ہے بلکہ یہ ہرایک خاتون کی کہانی سمیت ایک سپاہی اورایک عوام کی کہانی ہے اوراسے ہرکسی کودیکھنا چاہیے۔ انہوں نے فلم کی کاسٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملالہ یوسف زئی کے کردارکے لیے ابتدائی طورپربنگلادیش کی ایک لڑکی کومنتخب کیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے بھارتی مسلمان اداکارہ ریم شیخ کوکاسٹ کیا۔ انہوں نے اتل کلکرنی اوردیویا دتا جیسی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے پرفخرکیا اور کہا کہ انہوں نے فلم میں اچھے اداکاروں کو کاسٹ کیا ہے۔ امجد خان کےمطابق فلم میں اوم پوری بھی دکھائی دیں گےاوران کی یہ آخری فلم ہوگی اورساتھ ہی ایسی فلم بھی ہوگی جوان کی موت کےبعدریلیزہورہی ہے۔
فلم میں پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ کرنے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امجد خان کا کہنا تھا کہ جس وقت انہوں نے فلم پر کام شروع کیا اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی تھی اوربھارت میں پاکستانی اداکاروں کے کام کرنے پرپابندی عائد تھی جس وجہ سے انہوں نے پاکستانی اداکاروں کو کاسٹ نہیں کیا۔ ملالہ یوسف زئی کی زندگی پربنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ رواں ماہ کے اختتام پربھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیزکی جائے گی تاہم پاکستان میں بھارتی فلموں پرپابندی ہونے کی وجہ سے اسے ریلیزنہ کیے جانے کا امکان ہے۔ گل مکئی کی کاسٹ اورمکمل ٹیم بھارتی ہے جب کہ اس کی پروڈکشن بھی بھارت میں ہی ہوئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button