پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے کروانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کےمطابق حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر انتخاب کو لوکل باڈیز ایکٹ میں شامل کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے لوکل باڈیز ایکٹ میں ای وی ایم مشین پر انتخاب کی شق کو شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ وفاقی حکومت قانون بنا چکی ہے اورپنجاب حکومت بھی ای وی ایم کو لوکل باڈیز ایکٹ کا حصہ بنائے گی۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ(ق) اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان بلدیاتی مسودہ قوانین پر پنجاب کے بعد وفاق کی سطح پر بھی مذاکرات میں شدید ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے۔ویڈیو لنک پر پاکستان تحریک انصاف اوراتحادی مسلم لیگ ق کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزر ا اسد عمر ،شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگ ق کی نمائندگی مونس الہیٰ اورطارق بشیر چیمہ نے کی ۔
پنجاب حکومت کی نمائندگی وزیربلدیات میاں محمود الرشید نے کی جبکہ ق لیگ کی جانب سے کہا گیا کہ ایسے مسودہ قانون کی حمایت نہیں کریں گے جس سے دیہی علاقوں کی حق تلفی ہو۔اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ق) نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں سیمی اربن کو زیادہ اوردیہی علاقوں کو کم نمائندگی قبول نہیں ۔قائم مقام گورنرپنجاب اور وفاق کی سطح پر مذاکرات میں حکومت پنجاب کو پیغام دیدیا گیا جبکہ ویڈیو لنک پر وفاق اور پنجاب کی سطح پر میٹنگ میں بھی مسلم لیگ ق کو قائل نہ کیاجاسکا ۔مسلم لیگ قائداعظم کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ایسے کسی قانون کی حمایت نہیں کریں گے جس میں دیہی علاقوں کو نظر انداز کیاجائے ۔
قبل ازیں وفاقی حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور آئی ووٹنگ پر عملدرآمد سے متعلق الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کا اعلان کر دیا۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کی صدرات میں انٹرنیٹ والیکٹرونک ووٹنگ مشین سے متعلق بین وزارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق شریک ہوئے۔اجلاس میں آئندہ انتخابات میں ای وی ایم اور آئی ووٹنگ سے متعلق امور زیر غوآئے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت ای وی ایم اور آئی ووٹنگ پر عملدرآمد سے متعلق الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کرے گی، مالی، اسٹوریج، ٹیسٹنگ لیبارٹریز سمیت دیگر ضروریات سے متعلق حکومت الیکشن کمیشن سے تعاون کریگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ آئندہ جتنے بھی انتخابات ہوں، ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کے ذریعے ہوں، ای وی ایم ایک خواب ہے جیس کو ہم حقیقت بنانا چاہتے ہیں۔
