پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے فی لیٹراضافہ متوقع

یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات 8 روپے فی لیٹر مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔پٹرول کی قیمت میں 7روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لٹر تک اضافہ متوقع ہے.
ذرائع کے مطابق یکم ستمبر سےبھاری ٹیکسوں اور پٹرولیم لیوی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے. جس کی وجہ سے پٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل سمیت دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے تک اضافے کا امکان ہے. پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے سمری تیار کر لی ہے.سمری میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے سے زائد اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔سمری وزارت خزانہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ وزارت خزانہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد قیمتوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے حتمی اعلان کرے گی۔ حکومت 31 اگست کو نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ حکومت نے صارفین کی سہولت کیلئے تیل کی قیمتوں کی پالیسی میں تبدیلیاں کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 دن بعد ردوبدل کیا جائے گا. قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ ستمبر سے ہر 15 دن بعد پیٹرول کی قیمتوں میں ردو بدل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی کی طرف سے جاری کردہ فیصلے میں بتایا گیا تھا کہ 15روزہ بنیاد پر پیٹرولیم قیمتوں کا تعین اگلے ماہ سے کیا جائے گا، رواں ماہ اگست کے اختتام تک موجودہ پیٹرولیم قیمتیں برقرار رہیں گی اور 15 روزہ بنیاد پرتیل کی قیمتوں کا تعین یکم ستمبرسےشروع ہوگا۔
خیال رہے کہ 28 جولائی کواقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر 15 روز بعد ردوبدل کی منظوری دی تھی۔ اسلام آباد میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مہینے کے بجائے پر 15 روز بعد ردوبدل کی منظوری دی گئی تھی، ای سی سی اعلامیے کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد فیصلے کا اطلاق 15 اگست سے ہوگا۔
یہاں یہ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت گزشتہ 2 ماہ کے دوران پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں پہلے ہی تقریباً 30 روپے تک کا اضافہ کر چکی ہے۔ گذشتہ ماہ 26 جون کو وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا گیا تھا جس کے بعد پیٹرول 100روپے 10پیسے فی لیٹر اور ڈیزل 101روپے46 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہورہا ہے۔
