پیپلزپارٹی کا آئندہ وزیراعظم جیالا ہی ہوگا

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آنے والا وقت جیالوں‌ کا ہے ، پی پی کا اگلا وزیراعظم جیالا ہی ہوگا ، تمام صوبوں میں بھٹو کے نعرے گونجیں گے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹلی آزاد کشمیر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خان صاحب سے سوال کرتے ہیں کہ آپ کے دعوے کا کیا ہوا کہ گرین پاسپورٹ کی عزت کروائیں گے ، کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر، عوام آپ سے حساب مانگ رہے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ جس طرح لوگوں نے وفاقی وزرا کی فوج، مسلم لیگ (ن) کی مقامی حکومت کا مقابلہ کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کو قائد حزب اختلاف کا عہدہ سونپا اس پر میں کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ جیالوں‌ نے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کا بھٹو اور کشمیر کی بی بی زندہ ہے ، ان پہاڑوں‌ میں اگر کوئی سیاسی جماعت ہے تو اس کا نام پیپلزپارٹی ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت سازشوں میں مصروف ہے ، انہیں معلوم ہو گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کا کشمیر سے نسلوں کا رشتہ ہے۔ حکومت چودھری یسین کے بیٹے پر جعلی مقدمہ بنا کر بھی چودھری یسین کا مورال کم نہیں کر سکی ہے۔ حکومت کے علم میں‌ نہیں کہ ہر جیالے کے لیے جیل جانا ضروری ہے کیونکہ وہ جیالوں کی تربیت گاہ ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے پاس نہ صرف ضمنی انتخاب میں بلکہ آنے والی نسلوں کا ساتھ مانگنے کے لیے آیا ہوں۔

کشمیریوں نے انتخابات میں پورے پاکستان کو پیغام بھیج دیا، پی پی کے جیالوں‌ کے لیے آخری جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں ، بھٹو نے ہمیں 4 اصول دیے کہ اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست ہے، مساوات ہماری معیشت اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، یہ آج بھی ہمارا منشور کا حصہ ہے۔ عوامی مسائل حل کرنے کی واحد جماعت پیپلزپارٹی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن سے پہلے بھی آپ کے پاس تھے، الیکشن کے بعد بھی آپ کے پاس ہیں جبکہ ہمارے مخالف تو منہ دکھانے کے قابل ہی نہیں ہیں ، پیپلز پارٹی ہی آپ کی اصلی جماعت ہے جو عوام کی نمائندگی کرسکتی ہے، ناانصافی کا مقابلہ کرسکتی ہے اور بین الاقوامی اور قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Back to top button