پیپلز پارٹی نقیب محسود قتل کی ذمہ دار نہیں، قاتل کوئی اور ہے

رکن قمی اسمبلی اور رہنما پشتون تحفظ موومنٹ محسن داوڑ ایس ایس پی راؤ انوار کے ہاتھوں بے گناہ قتل ہونے کے حوالے سے کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی پاکستان پیپلز پارٹی کو نقیب اللہ کے قتل کا ذمہ دار نہیں سمجھا۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران جب محسن داوڑ سے سوال کیا کہ پی ٹی ایم، ایس ایس پی راؤ انوار کو نقیب اللہ محسود کا قاتل سمجھتی آ رہی ہے، جب کہ راؤ انوار پر الزامات لگتے آ رہے ہیں کہ انہیں پی پی پی کی پشت پناہی حاصل تھی، یہاں تک کہ سابق صدر آصف زرداری نے انہیں ’بہادر بچہ‘ کہہ دیا تھا۔ کیا نقیب اللہ محسود یا پھر پیپلز پارٹی کے حوالے سے پی ٹی ایم کا نکتہ نظر بدل گیا ہے؟۔
جواب میں محسن داوڑ نے فوراً تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی پاکستان پیپلز پارٹی کو نقیب اللہ کے قتل کا ذمہ دار نہیں سمجھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راؤ انوار کے حوالے سے آصف زرداری نے ایسا کیوں کہا اس کی وضاحت تو وہ خود اچھی طرح دے سکیں گے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ نقیب اللہ محسود کا قاتل دراصل کوئی اور ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے گوجرانولہ جلسے میں شرکت نہ کرنے اور کراچی جلسے میں شرکت کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ جلسے میں وہ نہیں گئے کیوں کہ انہیں شرکت کےلیے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا تھا۔ کراچی کے جلسے میں اس لیےگیا کہ پی پی پی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے دعوت نامہ بھیجا تھا، مجھے نہیں معلوم کہ گوجرانوالہ جلسے کےلیے مجھے کیوں مدعو نہیں کیا گیا، لیکن اگر وہ ایسا کرتے تو میں وہاں بھی جاتا۔
انہوں نے اس خیال کی بھی تردید کی جس کے مطابق پی ٹی ایم حکومت کے ساتھ کسی ’بیک ڈور‘ مذاکرات کی وجہ سے زیادہ جارحانہ انداز میں حزب اختلاف کا ساتھ نہیں دے رہی۔
مبصرین کے مطابق تحریک انصاف حکومت کے خلاف اٹھنے والی اپوزیشن جماعتوں کے بارے میں عمومی تاثر یہ بھی ہے کہ ان کا مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کو تحریک انصاف حکومت کی پشت سےبھگانا ہے نیز یہ سب ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مغربی دنیا پاکستان کو ’ڈیپ اسٹیٹ‘ کی اصطلاح سے بھی یاد کر رہی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ بظاہر عنان حکومت جمہوری قوتوں کے ہاتھ میں ہوتے ہیں لیکن دراصل ملک کی باگ ڈور فوجی اور خفیہ ادارے چلا رہے ہوتے ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں سابق خارجہ وزیر اور امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے امریکہ کی مشہور میزبان ہاورڈ سٹرن کے ریڈیو پروگرام میں بھی پاکستان کو اسی اصطلاح سے یاد کیا۔
