پی ٹی آئی قیادت پرغداری کا مقدمہ قائم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل
وفاقی کابینہ نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت کیخلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا ،جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے اور سپریم کورٹ کے تحریک عدم اعتماد سے متعلق تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے آئین کا تحفظ یقینی ہوا، سپریم کورٹ کا ڈپٹی اسپیکر رولنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ قابل ستائش اور سنگ میل ہے۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے غداری کے مقدمے سے متعلق وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے اقدامات پر تجاویز پیش کرے گی۔
انکا کہنا تھااجلاس میں گزشتہ دنوں میں بارش کی تباہ کاریوں میں جاں بحق ہوجانے والوں کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اور ان کے لواحقین کے لیے مختص ریلیف پیکج فوری فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہاکل وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد صوبائی اور وفاقی سطح پر اس پر عملدرآمد کے لیے مکمل مانیٹرنگ کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں، جیسے جیسے مزید کمی آئے گی تو اس کے ایک ایک پیسے کا فائدہ ریلیف کی صورت میں عوام تک پہنچایا جائے گا،گزشتہ حکومت کی ناہلی کی وجہ سے آئی ایم ایف کے معطل شدہ معاہدے کو موجودہ حکومت نے دن رات محنت کرکے بحال کروا لیا ہے، اسی دوران ایسا بجٹ بھی پیش کیا جس سے عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے اور ملک کو استحکام کی جانب لے جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہاحکومت اور وزیراعظم کی یہ متفقہ رائے ہے کہ ملک صرف اس وقت ترقی کرسکتا ہے جب ملک کی معیشت مستحکم ہوگی اور ملک معاشی طور پر خومختار ہوگا،اسی نظریے کے تحت کابینہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عمل کریں گے اور پاکستان کے عوام کے حق میں معاشی استحکام کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہاجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر مقررہ مدت سے زائد عرصے سے تک ملک میں ٹھہرنے والے غیر ملکی لوگوں کے لیے ایمنیسٹی کی منظوری دی ہے،بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں اور دیگر کے لیے یہ ایمنیسٹی 31 دسمبر 2022 ست موجود رہے گی، اس مدت تک وزارت داخلہ کے ساتھ مل کر آگہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ جو غیر ملکی لوگ اپنے ملک واپس جانا چاہتے ہیں وہ اس دوران انتظامات مکمل کرسکیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق اجلاس میں 5 جولائی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توسیع کی گئی ہے جن کے تحت پاکستان کے لیے 30 لاکھ ٹن گندم کی درآمد کی منظوری دی گئی ہے اور یہ یقینی بنانے کے لیے کہا گیا ہے کہ یہ درآمد عالمی منڈی میں گندم کی گرتی قیمتوں کے مطابق ہوگا۔
انکا کہنا تھا اجلاس میں نجکاری ڈویژن کی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی جس کی بنیاد پر گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کمرشل ٹرانزیکشن کے آرڈیننس کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہاسپیکر کی رولنگ پر ازخود نوٹس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر کابینہ نے آج اہم قرارداد منظور کی ہے،اجلاس میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ اس فیصلہ میں اٹھائے گئے نکات، آرٹیکل 6 کی کارروائی سمیت مستقبل کے تمام قانونی اقدامات کے بارے میں تجاویز کے بارے میں کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاوزیرقانون بیرسٹراعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات، تمام وفاقی وزرا اور اتحادی جماعتوں کی نمائندگی شامل ہوگی، یہ خصوصی کمیٹی عدالت کے تفصیلی فیصلے کی روشنی میں اقدامت کے حوالے سے اپنی تجاویز مرتب کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔
مریم اورنگزیب نے آرٹیکل 6 کی کارروائی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا عدالتی فیصلہ واضح ہے جس میں نام درج ہیں کہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر ، صدر، وزیراعظم نے آئینی عہدوں کی تذلیل کی، لہذا کابینہ کا فیصلہ بھی واضح ہے کہ ہمیشہ کے لیے اس آئین شکنی اور آئینی سرکشی کو ختم کرنے کےلیے کمیٹی تجویز پیش کرے گی اور کابینہ اس کی منظوری دے گی۔