پی ٹی ڈی سی چیئرمین زلفی بخاری کی تعیناتی ہائی کورٹ میں چیلنج

پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے چیئرمین سید ذوالفقارعباس بخاری المعروف زلفی بخاری کی تعیناتی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی ڈی سی کے 14ملازمین کی جانب سے دائردرخواست میں منیجنگ ڈائریکٹراننخاب عالم کی تعیناتی کو بھی چیلنج کیا گیا۔
تعیناتیوں کےعلاوہ درخواست میں نیشنل ٹورازم کووآرڈنیشن بورڈ(این ٹی سی بی)کے قیام پربھی سوالات اٹھائےاورموقف اختیارکیا کہ سیاحت کو صوبے کے حوالے کرنے کے بعد این ٹی سی بی کا قیام غیر آئینی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرکے کابینہ اوراسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکریٹریز کونوٹس جاری کردیئے۔
پٹیشن میں الزام لگایا گیا کہ فریق نمبر4 (زلفی بخاری) کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ذاتی دوستی سب کے سامنے ہے، ان کی عمر 40 سال سے کم ہے اوروہ وفاقی حکومت میں متعدد اہم عہدوں پر براجمان ہیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ زلفی بخاری برطانیہ میں ہی پلے بڑھے لیکن وزیراعظم سے دوستی کی وجہ سے انہیں پہلے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی اورترقیِ انسانی وسائل تعینات کیا گیا اوراس کے بعد نیشنل ٹورازم کوآرڈنیشن بورڈ کا چیئرمین بنایا گیا اور پھر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن بورڈ کا چیئرمین بھی بنا دیا گیا۔
درخواست کے مطابق پی ٹی ڈی سی بورڈ کا چیئرمین بننے سے قبل زلفی بخاری کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا رکن بھی نہیں بنایا گیا جبکہ ادارے کے قانون کے مطابق صرف بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن کو ہی بورڈ کا چیئرمین تعینات کیا جاسکتا ہے اور براہِ راست کسی شخص کا تعینات کرنے کا کوئی تصور نہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ مارچ 2019 میں آئین کی 18ویں ترمیم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کابینہ سیکریٹریٹ سے ایک ایگزیکٹو نوٹیفکیشن جاری کرکے این ٹی سی بی کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سیاحت صوبوں کا معاملہ قرار دیا جاچکا ہے۔
جس کے باعث صرف صوبے اپنے وسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ضروری قانون سازی، پالیسی کی تشکیل اورمناسب کمیٹی بنانے کا اختیاررکھتے ہیں۔ اسی طرح بغیر قانون سازی کے این ٹی سی بی کا لیا ہوا کوئی بھی فیصلہ پیچیدگیاں پیدا کرے گا اور قانون کی نظر میں اس کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔درخواست میں پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹرانتخاب عالم کی تعیناتی کے بارے میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ سیکریٹریٹ کے گریڈ19 کے افسر ہیں جو پہلے پی ٹی ڈی سی میں جنرل منیجرمنصوبہ بندی کی حیثیت سے تعینات تھے اور چند ماہ بعد ہی انہیں پی ٹی ڈی سی کےمنیجنگ ڈائریکٹر کا عہدہ دے دیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق انتخاب عالم کو سیاحتی صنعت کا کوئی تجربہ نہیں اس لیے انہیں اتنا اہم عہدہ نہیں دیا جاسکتا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ سیاحتی صلاحیتوں سے مالامال ملک میں پی ٹی ڈی سی خسارے میں چل رہی ہیں اور استدعا کی کہ مذکورہ تعیناتیوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔
