پی ڈی ایم نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےلیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےلیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔
پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کےلیے یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کےلیے مولانا عبدالغفور حیدری کے کاغذات حاصل کیے ہیں جب کہ دونوں عہدوں کےلیے کاغذات کے تین تین سیٹ حاصل کیے گئے ہیں۔ چیئرمین اور ڈپٹی کےلیے کاغذات پی پی رہنما شیری رحمان، فاروق نائیک، جے یو آئی کے عبدالغفور حیدری اور مولانا عطاالرحمان نے حاصل کیے۔ اپوزیشن ارکان نے بیلٹ پیپر کا سیمپل بھی سیکرٹری سینیٹ سے حاصل کرلیا۔ سیکرٹری سینیٹ کے مطابق سبز بیلٹ پیپر چیئرمین سینیٹ اور گلابی بیلٹ پیپر ڈپٹی چیئرمین کےلیے ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےلیے الیکشن کل ہوگا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، حکومت نے چیئرمین سینیٹ کےلیے صادق سنجرانی کو دوبارہ نامزد کیا ہے۔
