پی ڈی ایم کا استعفوں اور لانگ مارچ پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا

مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے اہم اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں میں استعفوں اور لانگ مارچ پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق لانگ مارچ عید کے بعد لے جایا جاسکتا ہے فی الحال لانگ مارچ ملتوی کیاجائے گا اور پھر مشاورتی اجلاس کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی ڈی ایم اجلاس میں استعفوں پر اتفاق رائے نہیں ہورہا اور جب تک استعفے نہیں دیے جاتے لانگ مارچ نہیں ہوگا۔
پی ڈی ایم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ جس کے بعد یہ سوال اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ اگر بڑی دو جماعتوں میں سیاسی رنجش برقرار رہی تو حکومت مخالف تحریک کیسے چلے گی؟ذرائع کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن کو حتمی فیصلے کے لئے بلایا گیا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک مرتبہ پھر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مشاورت کیلئے مہلت مانگ لی۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے موقف اختیار کیا کہ استعفوں کے معاملے پر پارٹی سے مزید مشاورت ضروری ہے۔ اجلاس میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آج جو موقف پیش کیا ہے وہ سی ای سی فیصلوں کی روشنی میں بیان کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی، ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کا موقف ہے استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ جب تک استعفے نہیں دیں گے ، حکومت کو دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا۔اس کے علاوہ دونوں بڑی جماعتوں میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بھی اختلاف رائے سامنے آیا۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ اکثریتی جماعت کو ہی اپوزیشن لیڈر کا منصب دیا جائے جس پر دیگر جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے موقف پیش کیا کہ جب چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے ایک حتمی مشاورت ہوچکی تو پھر نیا مطالبہ کیوں کیا جارہا ہے؟
اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 9 جماعتیں ایک طرف اور پیپلز پارٹی دوسری طرف ہے۔پیپلز پارٹی صرف اپنی جماعت کو نہیں پوری اپوزیشن کے موقف کو سامنے رکھے۔اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کا اہم اجلاس رہنما جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں جاری ہے، اجلاس میں مریم نواز، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، اے این پی کے امیر حیدر خان ہوتی شریک ہیں جب کہ نواز شریف، آصف زرداری اور بلاول بھٹو ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کررہے ہیں۔
پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کا یہ اہم اجلاس سینیٹ انتخابات، حکومت مخالف تحریک، لانگ مارچ اور پارلیمنٹ سے استعفوں کے حوالے سے بڑے فیصلے کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button