پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے گئے

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور جلسہ کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے گریٹر اقبال پارک میں پی ڈی ایم کے جلسے کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے ہیں۔ تھانہ لاری اڈا میں درج کیے گئے مقدمات پی ایچ اے سکیورٹی انتظامیہ کی مدعیت میں درج کیے گئے جن میں سنگین نتائج کی دھمکیاں، توڑ پھوڑ، کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل ہیں۔
پہلا مقدمہ سکیورٹی سپروائزرمحمد یوسف کی مدعیت میں درج کیا گیا جب کہ دوسرا مقدمہ ذیشان حیدر نقوی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ دونوں مقدمات میں پارک کے تالے توڑنے اور زبردستی داخل ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق 20 سے 25 افراد لوگ آئے جنہوں نے 5 نمبر گیٹ کو ہتھوڑے اور اینٹوں کی ضرب مار کر توڑ دیا، سکیورٹی گارڈ کو دھکے مارتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں جب کہ دوسرے مقدمہ کی ایف آئی آر کے مطابق چند کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کی گئی، کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے زبردستی گاڑیوں کو بمعہ سامان پارک کے اندر داخل کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کا جلسہ اختتام پذیر ہوا تو کارکنوں نے پنڈال پر دھاوا بول دیا ۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر لوہے کے جنگلے اکھاڑ ڈالے۔ تشہیری فلیکس اور پارٹی پرچم پاؤں میں روندے گئے ۔ بیشتر لائٹس بھی ٹوٹ گئیں جب کہ مہمانوں کے لیے لائے گئے صوفے بھی محفوظ نہ رہے ۔ اسی طرح سینکڑوں کرسیاں بھی غائب ہو گئیں ۔ متعدد کُرسیاں توڑ دی گئیں۔ پنڈال میں جگہ جگہ ڈسپوزیبل ڈبے اور ریپرز نے گراؤنڈ کو کوڑا دان میں تبدیل کر دیا گیا جب کہ کچھ جگہ تو سردی سے بچنے کے لیے بینرز اور فلیکس کو ہی آگ لگا دی گئی جس سے گراؤنڈ کا حُلیہ بگڑ گیا۔ خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے مینار پاکستان پرجلسہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ صوبائی وزیرقانون راجا بشارت نے گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ڈی ایم نے غیرقانونی جلسہ کیا، جلسے کے خلاف مقدمہ ضرور درج ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button