چند دنوں میں فواد چوہدری کی امریکی سفیر سے دوسری ملاقات

تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق امریکی سفارتخانے میں ہونے والے ملاقات میں اہم ترین معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکی سفارتکار سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملا قات 3 سے 4 بجے تک امریکی سفارتخانے میں ہوئی اور ون آن ون ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی، امریکی سفارتخانے نے آج ہونے والی ملاقات پر تبصرےسے گریز کیا

خیال رہے کہ امریکی سفیر سے فواد چودھری کی چند دنوں میں یہ دوسری ملاقات ہے۔

واضح  رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں چیئرمین تحریک انصاف امریکی سازش کے حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ اب وقت گزر چکا، ہمیں آگے کی طرف دیکھنا چاہیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کہا کہ میں جس پاکستان کی قیادت کرنا چاہتا ہوں اس کے سب کیساتھ بالخصوص امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں،حکومت گرائے جانے میں امریکی سازش سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے تو یہ معاملہ اب ختم ہوچکا، اب یہ بات میں نے پس پشت ڈال دی ہے۔

Back to top button